بدھ, فروری 19, 2025
اشتہار

ورلڈ کپ میں ناکامی کے بعد افغانستان کرکٹ ٹیم میں اکھاڑ پچھاڑ، راشد خان کپتان مقرر

اشتہار

حیرت انگیز

کابل: ورلڈ کپ ناکامی کے بعد افغانستان کرکٹ بورڈ نے گلبدین نائب کو کپتانی سے ہٹا کر لیگ اسپنر راشد خان کو کپتان مقرر کردیا۔

تفصیلات کے مطابق ورلڈ کپ میں ناقص کارکردگی پر افغانستان کرکٹ بورڈ نے گلبدین نائب کو کپتانی سے ہٹا کر حیران کن طور پر 20 سالہ لیگ اسپنر راشد خان کو تینوں فارمیٹ کی کپتانی سونپ دی۔

ورلڈ کپ سے قبل کپتانی سے ہٹائے جانے والے اصغر خان نائب کپتانی کے فرائض انجام دیں گے۔

واضح رہے کہ ورلڈ کپ سے قبل گلبدین نائب کو ون ڈے اور لیگ اسپنر راشد خان کو ٹی ٹوینٹی کا کپتان مقرر کیا گیا تھا۔

ورلڈ کپ 2019 میں گلبدین نائب کی کپتانی میں افغانستان کرکٹ ٹیم کو اپنے 9 کے 9 میچز میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

یاد رہے کہ ورلڈ کپ میں راشد خان کی کارکردگی بھی اچھی نہ تھی، انہوں نے 9 میچوں میں 416 رنز دے کر 7 وکٹیں حاصل کیں جبکہ انگلینڈ کے خلاف میچ میں ان کے 9 اوورز میں 110 رنز بنے تھے۔

لیگ اسپنر راشد خان 2 ٹیسٹ، 68 ون ڈے اور 38 ٹی ٹوینٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے ہیں اور بالترتیب 9، 131 اور 75 وکٹیں حاصل کی ہیں۔

راشد خان مختلف ممالک کی ٹی ٹوینٹی لیگز میں بھی حصہ لے چکے ہیں جن میں انڈین پریمیئر لیگ اور آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ نمایاں ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں