نئی دہلی: بھارتی شہر احمد آباد کے وٹو کی رہائشی 23 ساالہ عائشہ نے گزشتہ ہفتے خودکشی کرلی تھی، خودکشی سے قبل اس نے ایک ویڈیو بھی بنائی تھی جس پر سوشل میڈیا پر غم و غصے کی لہر دوڑ گئی تھی، بعدازاں پولیس نے عائشہ کے شوہر عارف خان کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا تھا۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق احمد آبادی کے رہائشی عائشہ خودکشی کیس میں پولیس نے شوہر عارف خان کو میٹروپولیٹن مجسٹریٹ کے سامنے پیش کرکے تین دنوں کی تحویل لے کر پوچھ گچھ کی اور آج عارف خان کو جیل بھیج دیا گیا۔
کیس کی سماعت احمد آباد کی میٹروپولیٹن عدالت میں ہوئی جہاں عائشہ کے شوہر عارف خان کو تین دن کے ریمانڈ کے بعد دوبارہ آج عدالت میں پیش کیا گیا، دوران سماعت عائشہ کے وکیل اور ان کے اہلخانہ کو عائشہ کا لکھا ہوا ایک خط بھی دستیاب ہوا جو اس کیس میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔
پولس کی تحقیقات کے دوران عائشہ کے شوہر عارف کا موبائل فون پولیس کو برآمد ہوا ہے جس میں 72 منٹ کی کال ریکارڈنگ بھی موجود ہے جس سے عائشہ نے مرنے سے قبل عارف سے بات چیت کی تھی جس میں عارف نے عائشہ سے کہا تھا کہ’ مرنا ہے تو مرجا اور مجھے ویڈیو بھیج دینا’۔
مزید پڑھیں: شوہر نے عائشہ سے آخری بار فون پر کیا کہا؟ سننے والوں کی آنکھیں نم
اس تعلق سے عائشہ کی پیروی کرنے والے وکیل ظفر خان پٹھان نے کہا کہ’ آج میٹرو پولیٹن کورٹ میں عارف کی ریمانڈ کی میعاد مکمل ہونے کے بعد عارف کو پیش کیا گیا تھا، اس موقع پر پولس نے عارف کو مزید ریمانڈ میں رکھنے کا مطالبہ نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے عارف کو مزید تحقیقات کے لیے جیل بھیج دیا گیا’۔
انہوں نے کہا کہ ‘ ہمیں عائشہ کے ہاتھوں لکھا ہوا ایک خط بھی ملا ہے جس میں عائشہ نے اپنے شوہر عارف سے کہا ہے کہ میں تم سے بہت پیار کرتی ہوں، تم نے مجھ پرغلط الزام لگایا، میرا نام کسی غیر کے ساتھ جوڑا، مجھے چار چار دنوں تک بھوکا رکھا، مجھے پریشان کیا، جو میں نے نہیں کیا اس کی مجھے سزا دی’۔