تازہ ترین

الیکشن کمیشن کو عمران خان کے خلاف کسی بھی قسم کی کارروائی سے روک دیا گیا

لاہور : لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے خلاف کسی بھی قسم کی کارروائی سے روک دیا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس جواد حسن نے الیکشن کمیشن کی جانب سے عمران خان کو پارٹی چیئرمین کے عہدے سے ہٹانے کے نوٹس کے خلاف درخواست کی سماعت کی۔

عمران خان کے وکیل بیرسٹر علی ظفر نے عدالت کو بتایا کہ الیکشن کمیشن نے غیر قانونی طور پر نوٹس جاری کیا، آئین اور قانون الیکشن کمیشن کو فیصلہ کرنے کی اجازت نہیں دیتا۔

بیرسٹر علی ظفر نے استدعا کی کہ عمران خان کی نااہلی کے لیے بھجوائے گئے نوٹس کو کالعدم قرار دیا جائے۔

الیکشن کمیشن کے وکیل نے بتایا کہ آئین کا آرٹیکل باسٹھ ون ایف کے تحت نااہلی کے نوٹس جاری کیے گئے، الیکشن کمیشن نے قانون کے مطابق پارٹی عہدے سے نااہل کرنے کا حکم دیا، اس سے قبل غلط بیانی پر الیکشن کمیشن عمران خان کو نااہل قرار دے چکی ہے،اس لیے اب وہ پارٹی چیئرمین بننے کے بھی اہل نہیں ہیں۔

عدالت نے قرار دیا کہ اگر آئین میں ایک بات نہیں تو اس پر قانون کیسے بن سکتا ہے اس پر تو الیکشن کمیشن پھنستا ہے کہ اس نے قانون کا استعمال کیسے کیا ۔

عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد الیکشن کمیشن کو کسی بھی تادیبی کاروائی سے روکتے ہوئے الیکشن کمیشن سمیت فریقین کو 11 جنوری کے لیے نوٹس جاری کر دئیے اور معاونت کے لیے اٹارنی جنرل کو طلب کر لیا۔

Comments

- Advertisement -
عابد خان
عابد خان
عابد خان اے آروائی نیوز سے وابستہ صحافی ہیں اور عدالتوں سے متعلق رپورٹنگ میں مہارت کے حامل ہیں