جمعہ, مارچ 28, 2025
اشتہار

وزیراعظم عمران خان نااہلی کیس : جسٹس شاہد وحید نے کیس کی سماعت سے معذرت کر لی

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: وزیراعظم عمران خان کی نااہلی کے لیے درخواست پر بنچ کے رکن جسٹس شاہد وحید نے سماعت کرنے سے معذرت کرلی ، جس کے بعد کیس واپس چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کو بھجوا دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں وزیراعظم عمران خان کی نااہلی کے لیے درخواست پر جسٹس مامون رشید شیخ اور جسٹس شاہد وحید پر مشتمل دو رکنی بنچ نے سماعت کی۔

بنچ کے رکن جسٹس شاہد وحید نے کیس کی سماعت سے معذرت کر لی، جس کے بعد عدالت نے کیس واپس چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کو بھجوا دیا اور درخواست کی سماعت کے لیے نیا بنچ تشکیل دینے کی سفارش کی۔

درخواست میں وزیراعظم عمران خان اور الیکشن کمیشن سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست گزار کا مؤقف ہے کہ انگلینڈ کی عدالت ٹیریان وائٹ کو عمران خان کی بیٹی قرار دے چکی ہے، عمران خان نے ٹیریان وائٹ کو اپنی بیٹی ماننے سے انکار کیا ہے اور کاغذات نامزدگی میں اپنی بیٹی کا ذکر نہیں کیا ہے۔

مزید پڑھیں : اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزیراعظم عمران خان کی نااہلی کی درخواست مسترد کردی

دائر درخواست میں کہا گیا عمران خان آئین کے آرٹیکل 62،63 پر پورا نہیں اترتے، حقائق چھپا کر وزیراعظم صادق اور امین نہیں رہے۔ عدالت وزیراعظم عمران خان کو عہدے کے لیے نا اہل قرار دے۔

یاد رہے جنوری میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزیراعظم عمران خان کی نااہلی کی درخواست مسترد کردی تھی اور وارننگ دی کہ آئندہ ایسی درخواست آئی تو جرمانہ بھی کریں گے۔

خیال رہے قومی اسمبلی سے وزیر اعظم منتخب ہونے کے بعد 18 اگست 2018 کو عمران خان نے اپنے عہدے کا حلف اٹھایا تھا ، صدر مملکت ممنون حسین نے حلف لیا تھا۔

اہم ترین

عابد خان
عابد خان
عابد خان اے آروائی نیوز سے وابستہ صحافی ہیں اور عدالتوں سے متعلق رپورٹنگ میں مہارت کے حامل ہیں

مزید خبریں