لاہور : لاہور ہائی کورٹ نے اسموگ پربروقت قابو پانے کیلئے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کا جرمانہ 200 سے بڑھا کر 2 ہزار روپے کرنے اور گاڑیوں کو 3دن تک بند کرنے کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے اسموگ پر بروقت قابو نہ پانے کی خلاف کیس کی سماعت کی، فوکل پرسن سید کمال حیدر نے ماحولیاتی کمیشن کی سفارشات عدالت میں جمع کروائیں۔
ماحولیاتی کمیشن نے سفارش کی ہے کہ لاہور میں تمام ماڈل روڈز پر چنگ چی رکشے کو بند کیا جائے، دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے لیے جرمانہ 200 سے بڑھا کر 2 ہزار روپے کیا جائے۔
سفارشات میں کہا گیا کہ فنانس ڈیپارٹمنٹ 6 سال سے زیر التوا موٹر وہیکل بل جلد کابینہ میں پیش کرے اور فضا کو خراب کرنے والی گاڑیوں کو 3 دن تک بند کر دیا جائے۔
عدالت نے سفارشات منظور کرتے ہوٸے حکم دیا کہ گاڑیوں کا جرمانہ دو ہزار اور دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کو تین دن کے لیے بند کر دیا جاٸے جبکہ محکمہ داخلہ کو 6سال سے زیر التوا موٹر وہیکل بل جلد کابینہ میں پیش کرنے کی ہدایت کردی۔
درخواست گزار نے موقف اختیار کیا تھا کہ ہر سال سموگ خطرناک صورتحال اختیار کر رہاہے جس سے عوام میں سانس اور دیگر بیماریاں پھیل رہی ہیں، حکومت پورا سال سموگ کے تدارک کے لیے کام نہیں کرتی جس کی وجہ سے سموگ بڑھتی جارہی ہے لہذا عدالت سموگ کے تدارک کے لیے ٹھوس اقدامات کا حکم دے۔