اسلام آباد : لیبیا کشتی حادثے میں ملوث 2 انسانی اسمگلر کو گرفتار کرلیا، ملزمان بھاری رقوم وصول کر کے شہریوں کو یورپی ممالک، دبئی، کینیڈا بھجواتے تھے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے ( ایف آئی اے) اسلام آباد نے گجرات اور راولپنڈی میں کارروائیاں کیں۔
کارروائیوں میں لیبیا کشتی حادثے میں ملوث 2 انسانی اسمگلر کوگرفتار کرلیا، ملزمان کی شناخت اظہراقبال اورمحمدافضال کےنام سے ہوئی۔
ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ ملزم اظہر اقبال لیبیا کشتی حادثہ میں ملوث پایا گیا، ملزم کو چھاپہ مار کارروائی میں عثمان پورہ گجرات سے گرفتار کیا گیا۔
ترجمان نے کہا کہ ملزم شہریوں کو بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دیکر لاکھوں روپے بٹورنے میں بھی ملوث پایا گیا، ملزم نے شہری کو غیر قانونی طور یورپ براستہ لیبیا بھجوانے کیلئےلاکھوں روپے وصول کیے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ دوسری کارروائی میں ملزم محمد افضال کو راولپنڈی سے گرفتار کیا گیا، ملزم بھاری رقوم وصول کر کے شہریوں کو یورپی ممالک، دبئی، کینیڈا کے جعلی ویزے فراہم کرتا تھا اور گزشتہ 6 سال سے اسلام آباد زون کو مطلوب تھا۔