لاہور: ایف آئی اے کمپوزیٹ سرکل گجرات نے کشتی حادثہ میں ملوث منظم گینگ کے دو انسانی اسمگلر کو گرفتار کر لیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق گرفتار ملزمان میں راجہ راحیل اور سفیان شامل ہیں جن کا تعلق گجرات سے ہے، انہیں کھاریاں سے گرفتار کیا گیا۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزمان نے لیبیاکشتی حادثے کے شکار افراد کے اہلخانہ سے پیسے وصول کیے تھے، ملزمان وصول کئے گئے پیسے گینگ کے سرغنہ کو ٹرانسفر کرتے تھے، اسمگلرز پیسے وصول ہونے کے بعد اگلی منزل کا تعین کرتے تھے۔
ڈائریکٹرجنرل ایف آئی اے نے بھی گزشتہ روز نوٹس لیتے ہوئے انسانی اسمگلروں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا تھا۔ ملزمان کو گرفتار کر کے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا اور دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
اٹلی کشتی حادثہ: پاکستان ہاکی ٹیم کی کھلاڑی شاہدہ رضا بھی جاں بحق ہوگئیں
واضح رہے کہ اٹلی کے ساحل میں تارکین وطن کی کشتی ڈوب جانے سے متعدد پاکستانیوں سمیت 64 افراد جاں بحق ہوگئے تھے، اسی طرح لیبیا میں بھی ایک کشتی حادثے میں 3 پاکستانی جان کی بازی ہار گئے۔