تازہ ترین

جیب پر ہلکا فائدے میں بھاری یہ جامن ہے پیارے!

موسم گرما یوں تو اپنے ساتھ گرم ہوائوں کے تھپیڑے لاتا ہے مگر اس کی کچھ سوغاتیں ایسی ہیں جس کے فائدے بیش بہا اور دنگ کر دینے والے ہیں، جن میں سے ایک سوغات عمدہ ذائقے کے حامل جامن بھی ہیں۔

یہاں تک کہ جامن تو جامن اس کے بیج بھی اپنے اندر زبردست فائدے سموئے ہوئے ہیں، جیسے کہ یہ ذیابطیس کے مریضوں کے لیے بے حد مفید سمجھے جاتے ہیں۔

انسانی جسم کے لیے نہایت اہمیت کے حامل کاربوہائیڈریٹ، پروٹین، پوٹاشیم، آئرن، کیلشیم، سوڈیم، وٹامن سی اور بی سمیت دیگر اہم غذائی اجزا جامن میں موجود ہوتے ہیں، غذائی ماہرین اس پھل کے استعمال پر زور دیتے ہوئے اس کے کئی طبی فوائد بتاتے ہیں۔

جامن میں موجود وٹامن سی اور آئرن خون میں ہیموگلوبن کی سطح کو بہتر بناتا ہے، جس سے چہرہ صاف شفاف نظر آتا ہے، یہ خون میں اضافے کا بھی سبب ہوتا ہے، بلڈ پریشر اور شوگر کنٹرول کرنے کے ساتھ ساتھ جامن معدے کی مختلف اقسام کی بیماریوں کو دور کرتا ہے۔

جامن گنج پن کو دور کرنے کی بھی اہلیت رکھتا ہے، گنج پن والے حصے میں جامن کا لیپ بناکر اسے کچھ عرصے تک لگایا جائے تو گنج پن ختم ہو سکتا ہے۔

یہ پھیپھڑوں کی مختلف بیماریوں کے لیے قدرتی اینٹی بائیوٹک کے طور پر کام کرتا ہے، نزلہ اور کھانسی کو ختم کرنے کے لیے بھی اسے فائدہ مند تصور کیا جاتا ہے، اس کے علاوہ یہ دمہ اور برونکائٹس کی شکایت کو بھی دور کرتا ہے۔

نہ صرف جامن بلکہ اس کے پتے اور چھال بھی فائدہ مند ہیں جو کہ اینٹی آکسیڈنٹس اور وٹامن سی کی وجہ سے مسوڑھوں کے مسائل کو دور کرتے ہیں، جامن کا شربت بنا کر پیا جائے تو دانتوں کے مسائل کو دور کیا جاسکتا ہے۔

اتنے فوائد کے باوجود کسی بھی چیز کا زیادہ استعمال درست نہیں ہوتا، اس لیے جامن بھی اعتدال کے ساتھ کھانے چاہئیں کیوں کہ اس کے زیادہ استعمال سے قبض ہو سکتا ہے جب کہ اسے خالی پیٹ بھی نہیں کھانا چاہیے۔

Comments

- Advertisement -