جمعرات, دسمبر 26, 2024
اشتہار

لنڈسے لوہن کی پوسٹ پر حدیث مبارکہ کا حوالہ

اشتہار

حیرت انگیز

معروف ہالی ووڈ اداکارہ اور گلوکارہ لنڈسے لوہن جن کے بارے میں قیاس آرائیاں ہیں کہ وہ اسلام قبول کر چکی ہیں، حال ہی میں اسلام کے حوالے سے اپنی ایک اور سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعہ توجہ کا مرکز بن گئیں۔

اپنے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ انسٹا گرام پر لنڈسے لوہن نے ایک تصویر پوسٹ کی جس کے ساتھ انہوں نے حضور اکرمﷺ کی ایک حدیث کا حوالہ دیا۔

- Advertisement -

لنڈسے لوہن آج کل کویت میں ہیں جہاں ایک ٹی وی پروگرام میں انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ قرآن کریم کا مطالعہ کرنے کے بعد وہ خود کو بہت پرسکون محسوس کرتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ ماہ رمضان میں انہوں نے روزے رکھے اور عبادت بھی کی۔

بعد ازاں لنڈسے لوہن کو کویت کی روایتی چاولوں کی ڈش پیش کی گئی جسے انہوں نے مغربی اطوار کے مطابق چمچے سے کھانے کے بجائے ہاتھ سے کھایا۔ یہ تصویر اسی موقع کی ہے جس میں ان کے ساتھ پروگرام کے میزبان بھی موجود ہیں۔

مزید پڑھیں: لنزے لوہن کی قرآن مجید میں ہدایت کی تلاش

لنڈسے نے بخاری شریف کی ایک حدیث کا حوالہ بھی دیا، ’سب سے زیادہ بہترین کام کون سے ہیں؟ انسانوں کے دلوں کو خوشی پہنچانا، بھوکے کو کھانا کھلانا، مصیبت زدہ کی مدد کرنا، دکھی شخص کا دکھ کم کرنا، اور تکلیف میں موجود شخص کی تکلیف دور کرنا‘ (بخاری)۔

لنڈسے لوہن نے اس سے قبل انسٹا گرام پر اپنی تمام پرانی تصاویر کو حذف کردیا تھا اور اپنے پروفائل میں السلام علیکم کے الفاظ تحریر کیے تھے جو تاحال ان کے اکاؤنٹ پر موجود ہیں۔

وہ شامی مہاجرین کے لیے بھی کام کر رہی ہیں اور چند روز قبل انہوں نے ترک صدر سے ملاقات بھی کی تھی۔ شام پر گزرنے والی قیامت کا احوال بذریعہ ٹوئٹر دنیا کو پہنچانے والی 7 سالہ بچی بانا العابد بھی ملاقات میں موجود تھیں۔

لنڈسے لوہن مین گرلز اور اسکیری مووی 5 میں اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں اور 2 ایم ٹی وی مووی ایوارڈز جیت چکی ہیں۔

مصدقہ رپورٹس کے مطابق انہوں نے فی الحال اسلام قبول نہیں کیا، لیکن ان کی اسلام سے محبت اور اسے سمجھنے کی کوششوں سے اس بات کا اندازہ لگانا مشکل نہیں کہ وہ بہت جلد دائرہ اسلام میں داخل ہوجائیں گی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں