کراچی : ماہ رمضان میں بجلی کی اعلانیہ اور غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کاسلسلہ رک نہ سکا،سحر،افطاراورتراویح کے اوقات میں بجلی کی بندش نے شہریوں کے صبر کا پیمانہ لبریز کردیا،کراچی والوں نے ساتویں سحری بھی اندھیرے میں کی۔
تفصیلات کے مطابق ماہ صیام میں سارے حکومتی دعوی دھرے کے دھرے رہ گئے، پہلے روزے سے شروع ہونے والا لوڈ شیڈنگ کاسلسلہ روشنیوں کے شہر میں اب بھی اندھیرے پھیلا رہا ہے۔
کراچی سمیت اندروں سندھ مختلف شہروں میں بجلی کے بدترین بحران نے شہریوں کا جینا دو بھر کردیا ہے، مختلف علاقوں میں بھی آج بھی شہریوں نےسحری اندھیرے میں کی، ماڈل کالونی، ناظم آباد، لیاقت آباد، اورنگی ٹاؤن، گلستان جوہر، گلشن اقبال، پاک کا لونی، شیر شاہ، ہارون آباد بجلی کی غیراعلانیہ بندش سے متاثر ہیں۔
لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ علاقوں کے مکینوں کا بھی بُراحال ہے، لوڈشیڈنگ کے لامتناہی سلسلے سے شہری شدید کرب میں مبتلا ہیں، لوڈشیڈنگ سے ستائے شہریوں نے احتجاج بھی کیا لیکن متعلقہ حکام کے کانوں میں جوں تک نہیں رینگی۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ بجلی کی طویل بندش سے نہ صرف سحر و افطار میں مشکلات کا سامنا ہے بلکہ مساجد میں وضو کیلئے پانی کی دستیابی بھی محال ہوگئی ہے۔