کراچی: شہر قائد میں بد ترین لوڈ شیڈنگ کا گورنر سندھ عمران اسماعیل نے نوٹس لے لیا، انھوں نے اس سلسلے میں اہم رابطے بھی کیے۔
تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کراچی میں بجلی کی شدید لوڈ شیڈنگ کا نوٹس لیتے ہوئے وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب اور معاون خصوصی شہزاد قاسم سے رابطہ کیا۔
گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کے الیکٹرک کے سی ای او مونس علوی کو بھی فون کیا، اور شہر میں بارش سے پیدا ہونے والی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔
گورنر سندھ نے کہا کہ بجلی کے طویل بریک ڈاؤن سے شہریوں کا برا حال ہے، وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب نے گورنر سندھ کو بتایا کہ وہ کے الیکٹرک سے رابطے میں ہیں، اور کے الیکٹرک کو آج شام تک بجلی بحال کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔
کراچی کے کئی علاقے بارش کے تیسرے روز بھی بجلی سے محروم
گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ پانی جمع ہونے کی وجہ سے بجلی کا بریک ڈاؤن ہوا، لیکن دو دن گزرنے کے بعد بھی بجلی بحال نہ ہونا سمجھ سے بالا ہے، کے الیکٹرک شہر میں بجلی کی فوری بحالی یقینی بنائے۔
واضح رہے کہ کراچی میں دو دن قبل کی بارش کے بعد شہر میں کے الیکٹرک کی بجلی کا نظام درہم برہم ہو چکا ہے، بارش کے بعد کے الیکٹرک کا کم زور اور بوسیدہ نظام بجلی فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہا، شہر کے مختلف علاقوں سے پانی کی نکاسی کے بعد بھی کراچی میں بجلی کی فراہمی معمول پر نہیں آ سکی۔
اس وقت شہر کے 30 فی صد علاقوں میں 40 گھنٹوں سے بجلی غائب ہے، کے الیکٹرک کے 400 فیڈرز تاحال بند ہیں، شہر کے بیش تر حصے تاریکی میں ڈوبے ہوئے ہیں، کے الیکٹرک کی 35 پی ایم ٹیز اور 69 کیبل فالٹس کی وجہ سے متعلقہ علاقوں میں بجلی کی فراہمی بند ہے۔
بجلی کی عدم فراہمی سے فریج میں رکھی کھانے پینے کی اشیا خراب ہونے اور پانی کی قلت سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔