منگل, مئی 13, 2025
اشتہار

بجلی کی لوڈ شیڈنگ، وزیر اعظم کے معاون خصوصی کا وزیر توانائی سے شکوہ

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بجلی کی ترسیل کرنے والی کمپنیوں نے من مانی کرتے ہوئے عوام پر لوڈ شیڈنگ کا عذاب مسلط کر رکھا ہے، گیپکو کی جانب سے بھی گوجرانولہ میں شدید لوڈ شیڈنگ اور کنکشن کاٹنے کے واقعات سامنے آئے ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے اس سلسلے میں وزیر توانائی عمر ایوب سے رابطہ کر کے شکوہ کیا کہ سی ای او گیپکو عوام کے ساتھ نا انصافی کر رہے ہیں، اور سرکاری محکموں کی نا اہلی کا بوجھ عوام پر ڈالا جا رہا ہے۔

عثمان ڈار کا کہنا تھا سرکاری محکمے پیسے ادا نہیں کر رہے تو غریب عوام کا اس میں کیا قصور ہے، بجلی کاٹنی ہے تو نادہندہ سرکاری محکموں کی کاٹی جائے۔ انھوں نے وزیر توانائی سے کہا کہ سخت گرمی میں عوام کو لوڈشیڈنگ کے عذاب سے بچایا جائے، عوام کے ٹیکس کے پیسے سے ہی یہ سرکاری محکمے چل رہے ہیں۔

[bs-quote quote=”25 لاکھ سے زائد صارفین اووربلنگ اور مہنگی بجلی خریدنے پر مجبور ہیں: عتیق میر” style=”style-8″ align=”left”][/bs-quote]

عثمان ڈار کی شکایت پر وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب نے فوری ایکشن لیتے ہوئے سی ای او گیپکو کو معاملات فوری بہتر کرنے کی ہدایت کر دی۔

کراچی میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بڑھانے کا اعلان

واضح رہے کہ گزشتہ روز صوبہ سندھ کے بڑے شہر کراچی میں بھی کے الیکٹرک نے اضافی لوڈ شیڈنگ کا اعلان کیا ہے، جب کہ عوام نے تنگ آمد بجنگ آمد کے مصداق بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف حب روڈ بند کر کے احتجاج کیا، لیکن کراچی کے شہریوں کو تاحال کسی وزیر کی توجہ حاصل نہیں ہو سکی ہے، کے الیکٹرک کی ظالمانہ من مانی جاری ہے۔

گزشتہ روز ذرایع ایس ایس جی سی نے اے آر وائی نیوز کو بتایا تھا کہ کے الیکٹرک کو معاہدے سے کئی گنا زیادہ گیس دی جا رہی ہے، معاہدہ صرف 10 ایم ایم سی ایف ڈی کا ہے لیکن کے الیکٹرک کو اس وقت بھی 240 ایم ایم سی ایف ڈی گیس دی جا رہی ہے، نیز کے الیکٹرک ایس ایس جی سی کی اربوں روپے کی نادہندہ بھی ہے۔

چیئرمین آل کراچی تاجر اتحاد عتیق میر کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک نے طویل اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے کراچی کے شہریوں پر برقی عذاب نازل کر رکھا ہے، شدید گرمی میں لوڈشیڈنگ سے شہر کے بیش تر بازار ویران ہو گئے ہیں، 25 لاکھ سے زائد صارفین اووربلنگ اور مہنگی بجلی خریدنے پر مجبور ہیں۔ انھوں نے کہا کہ چیف جسٹس آف پاکستان کے الیکٹرک کی بدترین کارکردگی اور صارفین کے خلاف زیادتیوں کا نوٹس لیں، عوام اور تاجروں کی موجودہ مالی مشکلات کے پیش نظربجلی کی قیمتیں کم کی جائیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں