بھمبر : بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کی ایک بار پھر خلاف ورزی کرتے ہوئے خنجر سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ کی جس کے جواب میں پاک فوج کی جانب سے منہ توڑ جواب دینے پر بھارتی بندوقیں خاموش ہو گئیں۔
پاک فوج کے تعلقات عامہ کے ادارے آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے ایک مرتبہ پھر لائن آف کنٹرول پر بھمبھر کے قریب خنجر سیکٹر میں آر پی جی سیون اور اے جی ایل سے بلا اشتعال فائرنگ کا عمل جاری رکھا جس پر پاک فوج نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی بندوقوں کو خاموش کروادیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ کئی ماہ سے بھارت اپنے داخلی اور سیاسی کشیدگی اور کشمیر میں جاری ظلم و بربریت سے توجہ ہٹھانے کے لیے لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ کا عمل جا ری رکھے ہوئے ہے۔
اس سے قبل بھی بھارتی فوج کی اشتعال انگیزی کے جواب میں پاک فوج کی کارروائی سے بوکھلاہٹ کا شکار بھارتی فوج نے خود ساختہ اور مضحکہ خیز سرجیکل اسٹرائیک کا دعوی کیا تھا جو وہ خود اپنی پارلیمنٹ اور عالمی میڈیا کے سامنے سچا ثابت نہیں کر سکے تھے جس پر انہیں کافی سبکی کا سامنا بھی کرنا پڑا تھا۔