کوئٹہ: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن میں غریب آدمی کی مشکلات کااحساس ہے، لاک ڈاؤن جاری رکھیں یا نہیں،14 اپریل کو فیصلہ ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کوئٹہ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کرونا وائرس کے باعث پورا ملک متاثر ہے، کرونا کی وجہ سے بلوچستان بھی زیادہ متاثر ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آج ہم نے بہت بڑا ریلیف پروگرام شروع کیا ہے،پاکستان کی تاریخ میں کبھی ایسا نہیں ہوا ہے،آج ہم ایک کروڑ 20 لاکھ خاندانوں کو رقم پہنچا رہے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ کوشش ہے جو غریب طبقہ متاثر ہوا اس کی سب سے پہلے مدد کی جائے، بلوچستان میں غریب طبقے کی تعداد زیادہ ہے اس لیے یہاں آیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ غریبوں کو ریلیف دینے کے لیے مشاورت جاری ہے، 14اپریل کوفیصلہ کریں گے بلوچستان میں کیا چیزیں کھولنی ہیں۔انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن جاری رکھیں یا نہیں، 14 اپریل کو صوبوں کے ساتھ بیٹھ کر فیصلہ ہوگا۔
وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ کرونا وائرس کے خلاف پوری قوم نے مل کر لڑنا ہے، ہمیں تو چھوڑیں اس وقت مغربی ممالک بھی مشکل میں ہیں،اس وقت چین کرونا وائرس کے خلاف جنگ جیت چکا ہے، چین کی حکومت نے بھی عوام کی مدد سے جنگ جیتی ہے۔