سکھر: سندھ کے زرعی علاقوں میں فصلوں کو تباہ کرنے کے بعد ٹڈی دل نے شہری علاقوں کا رُخ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق سندھ کے زرعی علاقوں کے بعد ٹڈی دل کے جھنڈ شہری علاقوں میں پہنچ گئے، سکھر میں ٹڈی دل کے حملے سے شہری پریشان ہوگئے۔
شکارپور ٹڈی دل سے جوار، دھان، گندم، کپاس ودیگر فصلوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
سکھر شہری انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ٹڈی دل کی یلغار سے بچنے کے لیے اسپرے مہم کا آغاز کیا جائے گا، جلد شہری علاقوں میں اسپرے مہم شروع کی جائے گی۔
مزید پڑھیں: ٹڈی دل کی یلغار، اہم میچ روکنا پڑگیا
واضح رہے کہ چند روز قبل فصلوں کی دشمن ٹڈی دل نے سندھ میں تباہی مچائی تھی، کراچی کے بعد ٹڈی دل نے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کے حلقے سیہون پہنچ کر کھیتوں پر حملہ کرکے فصلوں کو نقصان پہنچایا تھا۔
صوبائی حکومت کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے، ٹڈی دل کو تاحال ٹھکانے نہیں لگایا جاسکا، سیہون میں کاشتکاروں نے اپنی مدد آپ کے تحت ٹڈیوں کو کھیتوں سے بھگانے کی کوششیں شروع کردیں۔
یاد رہے کہ صوبائی وزیر زراعت اسماعیل راہو نے دل چسپ ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے مشورہ دیا تھا کہ کراچی کے شہری ٹڈی دل کی کڑھائی اور بریانی بنا کر کھا سکتے ہیں، ٹڈی دل کراچی کے شہریوں کے پاس خود چلا آیا ہے تو فائدہ اٹھائیں۔
خیال رہے کہ اندرون سندھ کے علاوہ ٹڈی دل کراچی پر بھی حملہ کرچکا ہے۔