لندن : گوانتانا موبے جیل کے سابق قیدیوں نے برطانوی حکومت سے شہریوں کے اغواء اور تشدد میں ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گوانتانا موبے جیل سے رہائی پانے والے 9 برطانوی شہریوں نے موجودہ حکومت سے گوانتانا موبے جیل کی انکوائری کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جیل سے رہائی پانے والے قیدیوں کا کہنا ہے کہ برطانوی ادارے شہریوں کے اغوا اور تشدد میں ملوث ہیں۔
برطانوی میڈیا کا کہنا تھا کہ گذشتہ ہفتے برطانیہ کی انٹیلی جنس ایجنسیوں کی جانب سے ایک رپورٹ جاری کی گئی تھی جس میں اعتراف کیا گیا تھا کہ برطانوی ادارے شہریوں کے اغوا اور تشدد میں کردار ادا کررہے ہیں۔
خیال رہے کہ برطانیہ کی حکومت اس سے قبل بھی اداروں کی جانب سے شہریوں کے اغواء ملوث ہونے پر معافی مانگ چکی ہے۔
خبر رساں اداروں کا کہنا ہے کہ گوانتانا موبے جیل کے سابق قیدیوں نے برطانوی حکومت سے اغواء، تشدد اور قیدی بنانے میں کردار ادا کرنے پر معافی اور ملوث اہلکاروں کے سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ گوانتانا موبے جیل کیوبا کے ساحل پر واقع امریکا کے زیر انتظام علاقے میں موجود ہے، جسے سنہ 2002 میں افغانستان پر امریکی حملے کے بعد بنایا گیا تھا تاکہ افغان جنگ کے قیدیوں کو یہاں بند کیا جاسکے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں