کیا آپ جانتے ہیں تمباکو نوشی سے بھی زیادہ صحت کے لیے خطرناک اور تباہ کن شے کیا ہوسکتی ہے؟ شاید آپ کو جان کر حیرت ہو کہ وہ شے کچھ اور نہیں بلکہ تنہائی ہے جو تمباکو نوشی سے بھی زیادہ صحت کو نقصان پہنچاتی ہے۔
امریکا میں حال ہی میں کی جانے والی ایک تحقیق کے مطابق امریکا میں تنہا رہنے، ازدواجی زندگی نہ گزارنے اور سوشل میڈیا میں مگن رہنے والے افراد کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔
تحقیق کے مطابق تنہا زندگی گزارنا لوگوں کی صحت کے لیے موٹاپے اور تمباکو نوشی سے بھی زیادہ خطرناک ثابت ہو رہا ہے۔
مزید پڑھیں: قید تنہائی ایک سزا
تحقیق میں 3 لاکھ کے قریب افراد کا طبی معائنہ کیا گیا جس میں سماجی طور پر متحرک افراد میں قبل از وقت موت کے خطرے میں 50 فیصد کمی دیکھی گئی۔
ماہرین کے مطابق تنہا رہنا دراصل کسی شخص کے نیند کے معمولات میں خلل، ہارمونز میں بے قاعدگی، بلند فشار خون میں اضافہ اور قوت مدافعت میں کمی کرسکتا ہے جس کی وجہ سے اسے بے شمار جان لیوا بیماریاں لاحق ہوسکتی ہیں۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ کئی ممالک میں تنہائی ایک وبائی مرض کی طرح پھیل رہی ہے جن میں سے ایک انگلینڈ بھی ہے۔
مزید پڑھیں: تنہائی سے بچنے کا آسان حل
اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے انگلینڈ میں تنہا رہنے والے بڑی عمر کے افراد کے لیے سلور لائن کے نام سے ایک ہاٹ لائن قائم کی گئی ہے جس پر وہ کسی بھی وقت کال ملا کر اپنے پسندیدہ موضوع پر گھنٹوں بات کرسکتے ہیں۔
اس کال سینٹر کو ہفتے میں 10 ہزار کے قریب کالز موصول ہوتی ہیں۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔