ہفتہ, مئی 10, 2025
اشتہار

کراچی: لوٹ مار کی وارداتیں نہ رک سکیں، ایک اور فوٹیج سامنے آ گئی

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: شہر قائد میں لٹیروں کی کارروائیاں رک نہ سکیں، لٹیرے شہریوں کو گھر کے سامنے لوٹ کر بہ آسانی فرار ہو جاتے ہیں، ایسی ہی ایک اور واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ہفتے کو کراچی کے علاقے کورنگی میں ایک شہری کو گھر کے باہر لوٹ لیا گیا، واقعے کی فوٹیج سامنے آنے پر پولیس حکام نے بیان میں کہا ہے کہ لٹیروں کی تلاش کی جا رہی ہے۔

فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کورنگی میں شہری نے جیسے ہی موٹر سائیکل باہر کھڑی کی، لٹیرے موٹر سائیکل پر پہنچ گئے، اور شہری سے نقدی اور موبائل فون چھین لیا۔

دوسری طرف کراچی پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیجز پر کارروائیاں شروع کر دی ہیں، ایس ایس پی سٹی شبیر احمد سیٹھار نے بتایا کہ موٹر سائیکل لفٹنگ میں ملوث ایک ملزم کو تھانہ کلری کی حدود سے فوٹیج کی مدد سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ لٹیرے سے ایک چوری شدہ موٹر سائیکل برآمد کی گئی ہے، ملزم کو موٹر سائیکل چوری کرتے ہوئے فوٹیج میں بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

گزشتہ روز بھی بریگیڈ پولیس نے ایک کارروائی میں سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے 2 ملزمان کو گرفتار کیا تھا، جو موٹر سائیکل لفٹنگ اور اسٹریٹ کرائمز میں ملوث تھے، پولیس کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان کی شناخت شہروز اور عتیق کے نام سے ہوئی، ان سے 2 پستولیں، چھینی ہوئی رقم، اور چوری شدہ موٹر سائیکل بھی برآمد ہوئی۔

منگل کو بھی موٹر سائیکل چوری کر کے فروخت کرنے والا ایک گروہ پکڑا گیا تھا، اے وی ایل سی پولیس نے بتایا کہ 4 رکنی ملزمان کا گروہ نشے کا عادی ہے، جن سے مختلف علاقوں سے چوری کی گئی 5 موٹر سائیکلیں بر آمد کی گئیں۔

معلوم ہوا کہ یہ ملزمان چوری کی موٹر سائیکلوں کو نشے کے عوض فروخت کرتے تھے۔

اہم ترین

نذیر شاہ
نذیر شاہ
نذیر شاہ کراچی میں اے آر وائی نیوز کے کرائم رپورٹر ہیں

مزید خبریں