منگل, فروری 18, 2025
اشتہار

لارڈز ٹیسٹ: انگلینڈ کی ٹیم 184 رنز پر ڈھیر، پاکستان نے ایک وکٹ کے نقصان پر 50 رنز بنالیے

اشتہار

حیرت انگیز

لارڈز: پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان جاری لارڈز ٹیسٹ میچ کے پہلے روز انگلینڈ کی ٹیم 184 رنز پر ڈھیر ہوگئی، دن کے اختتام پر پاکستان نے ایک وکٹ کے نقصان پر پچاس رنز بنالیے۔

تفصیلات کے مطابق لارڈز ٹیسٹ میچ کے پہلے روز انگلینڈ کی ٹیم 184 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، محمد عباس اور حسن علی نے چار، چار وکٹیں حاصل کیں، پاکستان نے دن کے اختتام پر ایک وکٹ کے نقصان پر 50 رنز بنالیے، قومی ٹیم کو انگلینڈ کی برتری ختم کرنے کے لیے 134 رنز درکار ہیں ان کی 9 وکٹیں باقی ہیں۔

 اظہر علی 18 اور حارث سہیل 21 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں جبکہ اوپنر امام الحق 4 رنز بنا کر براڈ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے تھے۔

قبل ازیں لندن کے تاریخی میدان لارڈز میں جاری پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کے کپتان جوئے روٹ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو صحیح ثابت نہ ہوسکا اور انگلینڈ کی پوری ٹیم 184 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

انگلینڈ کی جانب سے ایلسٹر کک اور بین اسٹوکس کے علاوہ کوئی بھی بلے باز اچھی کارکردگی نہ دکھا سکا، کک نے نصف سنچری اسکور کرتے ہوئے 70 رنز بنائے جبکہ بین اسٹوکس 38 رنز بناسکے۔

انگلینڈ کے کپتان جوئے روٹ صرف چار رنز بنا کر حسن کی گیند پر سرفراز احمد کو کیچ دے بیٹھے، ڈیوڈ ملان کو بھی 6 رنز پر حسن علی نے اپنا شکار بنایا، بریسٹو 27 رنز بناسکے انہیں فہیم اشرف نے بولڈ کیا۔

پاکستان کی جانب سے محمد عباس اور حسن علی نے چار، چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، محمد عامر اور فہیم اشرف نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی، لیگ اسپنر شاداب خان کوئی وکٹ حاصل نہ کرسکے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دو سال بعد ٹیسٹ سیریز کھیلی جارہی ہے، آخری مرتبہ مصباح الحق کی قیادت میں قومی ٹیم نے اوول ٹیسٹ میچ انگلینڈ کو شکسست دے کر پہلی مرتبہ آئی سی سی رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کی تھی۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں