میڈرڈ: کروشیا کے کپتان لوکا موڈرچ نے ایک اور اہم اعزاز اپنے نام کر کے نئی تاریخ رقم کر دی۔
تفصیلات کے مطابق لوکا موڈرچ کی کامیابیوں کا سلسلہ جاری ہے.ہسپانوی کلب ریال میڈرڈ سے کھیلنے والے کروشیا کے معروف کھلاڑی سن 2018 کا "بیلون ڈی اور” ایوارڈ کے حق دار قرار پائے.
یہ ایوارڈ حاصل کر کے لوکا موڈرچ نے کرسٹیانو رونالڈو اور لائنل میسی کی برتری ختم کر کے نئی تاریخ رقم کر دی.
واضح رہے کہ گذشتہ ایک دہائی میں یہ اہم ترین ایوارڈ یا تو پرتگالی اسٹار کرسٹیانو رونالڈو نے اپنے نام کیا، یا پھر ارجنٹینا کے جادوگر لائنل میسی اس کے حق دار ٹھہرے، مگر اس بار کروشین اسٹار نے "بیلون ڈی اور” پر قبضہ جما لیا.
یاد رہے کہ کروشیا کو رواں برس فٹ بال ورلڈکپ کے فائنل میں پہنچانے کا اصل سہرا لوکا موڈرچ کے سر تھا، جنھوں نے بہ طور کھلاڑی اور کپتان بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا.
اس اہم ترین ایوارڈ کی دوڑ میں یووینٹیس کے فارورڈ اور نامور فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کا دوسرا، جب کہ میسی کا پانچواں نمبر رہا۔
پہلی بارمتعارف کرایا جانے والا ویمنز بیلون ڈی اوور ایوارڈ ناروے کی کھلاڑی کے نام رہا۔
واضح رہے کہ ستمبر 2018 میں اسٹار کھلاڑی نے فیفا پلیئر آف دی ایئر کا اہم ترین اعزاز اپنے نام کیا تھا، گذشتہ ماہ انھیں یورپ کے بہترین کھلاڑی کے ایوارڈ سے بھی نوازا گیا تھا.