کراچی: شہر قائد کے علاقے لیاری میں عمارت کے ملبے سے نوجوان کی لاش نکال لی گئی جس کے واقعے میں جاں بحق افراد کی تعداد 5 ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق لیاری کے علاقے کھڈا مارکیٹ میں گرنے والی عمارت کے ملبے سے نوجوان کی لاش نکال لی گئی،افسوس ناک حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 5 ہوگئی۔ریسکیو ذرائع کے مطابق اب تک 3 خواتین اور 2 مردں کی لاشیں نکالی گئیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز لیاری کے گنجان آباد علاقے کھڈا مارکیٹ میں واقع 6 منزلہ رہائشی عمارت دراڑیں پڑنے کے باعث ایک جانب جھک گئی تھی۔مکینوں سے خالی کرانے کے دوران عمارت ساتھ والی بلڈنگ پر گرنے کے نتیجے میں دونوں عمارتیں زمین بوس ہوگئی تھیں۔
کراچی کے علاقے لیاری میں 2 رہائشی عمارتیں گر گئیں، متعدد زخمی
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے رہائشی عمارت منہدم ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر کراچی کو فوری طور پر حادثے کی جگہ پر امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کی تھی۔
اس سے قبل رواں سال مارچ میں کراچی کے علاقے گلبہار میں رہائشی عمارت منہدم ہوگئی تھی جس کے نتیجے میں 27 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔
افسوس ناک واقعے میں چوتھے روز ریسکیو آپریشن مکمل کیا گیا تھا جس میں پاک آرمی کی انجینئرنگ کور کے علاوہ دیگر سول اداروں نے امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا تھا اور حادثے کے مقام سے ملبہ اٹھانے کا کام مکمل کیا گیا۔