کراچی: لیاری گینگ وار کا اہم کمانڈر برکت بلوچ ایک مبینہ پولیس مقابلے میں مارا گیا۔
تفصیلات کے مطابق گلشن اقبال پولیس نے کراچی کے علاقے گلشن چورنگی، راشد منہاس روڈ پر مبینہ مقابلے میں برکت بلوچ نامی لیاری گینگ وار کارندے کو مار دیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ برکت بلوچ قتل، اقدام قتل، بھتہ خوری اور دیگر کئی سنگین جرائم میں ملوث تھا، مقابلے کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک رکشہ سوار اور ایک راہ گیر بھی زخمی ہوا، زخمی راہ گیر کی شناخت شاہد اور رکشہ سوار کی عمران کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس مقابلے میں مارے گئے گینگ وار کارندے کا کریمنل ریکارڈ سامنے آ گیا ہے، برکت علی کی واردات کی سی سی ٹی وی بھی سامنے آ گئی، جس میں برکت کو ساتھیوں سمیت اسلحہ چھینتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق مارا گیا ڈاکو برکت محلہ کریم بخش پاڑہ، شانتی نگر ڈالمیا کا رہائشی تھا، اس کا تعلق لیاری گینگ وار عزیر بلوچ گروپ سے تھا، اور اس کے خلاف عزیز بھٹی، بہادر آباد، شارع فیصل تھانوں میں 10 مقدمات درج ہیں۔
برکت بلوچ نے شانتی نگر جھنڈو پاڑہ میں عزیر بلوچ گینگ کو منظم کرنے میں اہم کردار ادا کیا تھا، تاہم لیاری آپریشن کے دوران چہرہ شناخت نہ ہونے کے باعث گرفتاری سے بچتا رہا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ برکت کے گھر پر متعدد چھاپے مارے گئے لیکن وہ چکمہ دے کر نکل جاتا تھا۔