اشتہار

’’جو ایک پولیس والا مارے گا اسے 5 لاکھ روپے دوں گا‘‘ کا اعلان کرنے والا ملزم مارا گیا

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: منشیات ڈیلر حاجی ریاست کا نیٹ ورک آپریٹ کرنے والا اور حساس اداروں کو مطلوب لیاری گینگ وار کمانڈر زین عرف ریحان ہلاک ہو گیا، ملزم نے پولیس اہلکاروں کو مارنے پر پانچ لاکھ کے انعام کا اعلان کیا تھا۔

تفصیلات کے مطابق جمعرات کو رات گئے پاک کالونی میں پولیس مقابلے کے دوران مارا گیا ملزم پولیس اور حساس اداروں کو انتہائی مطلوب منشیات فروش اور لیاری گینگ وار کمانڈر زین عرف ریحان نکلا، ملزم ایکسپریس وے سمیت متعدد منشیات کے اڈوں کا مالک تھا۔

پولیس حکام کے مطابق حساس ادارے کی اطلاع پر پولیس رات گئے زین کو جہان آباد گرفتار کرنے گئی تھی، ملزم نے ساتھی کے ہمراہ پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کی جس سے کانسٹیبل نوید شاہ زخمی ہوا اور پولیس موبائل کو بھی نقصان پہنچا، جب کہ جوابی کارروائی میں ملزم ہلاک ہو گیا۔

- Advertisement -
زخمی پولیس اہلکار

ملزم کی گرفتاری کے لیے عرصہ دراز سے حساس ادارے اور پولیس کی کوششیں جاری تھیں، ہلاک ملزم پرانا گولیمار و ملحقہ علاقوں میں منشیات نیٹ ورک کا اہم سرغنہ تھا، پاک کالونی آپریشن کے بعد ملزم نے اپنے کارندوں کو کہا تھا کہ جو ایک پولیس والا مارے گا اس کو 5 لاکھ روپے انعام دوں گا۔

واضح رہے کہ اے آر وائی نیوز کی خبر کے بعد محکمہ پولیس، رینجرز اور دیگر حساس اداروں کی جانب سے لیاری میں طویل عرصے کے آپریشن کی تیاری کی گئی تھی، جس کے بعد حساس اداروں کی اطلاع پر زین عرف ریحان پولیس مقابلے میں ہلاک ہوا۔

ملزم بدنام زمانہ منشیات ڈیلر حاجی ریاست کے منشیات نیٹ ورک کو آپریٹ کرتا تھا، اور منشیات فروشی سے حاصل کردہ رقم سے اسلحہ کی خریداری کرتا تھا، ملزم نے لیاری گینگ وار کے جمیل چھانگا، بلال پپو، سلیم چاکلیٹی اور ساجد ڈکیت نامی گروپوں کو مالی معاونت بھی فراہم کی۔

ملزم لیاری گینگ وار کے شوٹرز کو پرانا گولیمار میں پناہ فراہم کرنے میں بھی ملوث رہا ہے، متعدد بار مخالف گروپوں سمیت پولیس و رینجرز پر حملوں میں بھی ملوث رہا، ملزم فاروق نامی پولیس اہلکار کے قتل میں بھی ملوث رہا، جب کہ مخالف گروپوں کے کاشف، عاشق، زاہد عرف دوپتی، آزاد عرف ساجد پتر اور ریاض نامی اشخاص کو قتل کرنے میں بھی ملوث رہا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ زین عرف ریحان کی ہلاکت پرانا گولیمار میں منشیات فروشی اور گینگ وار سرگرمیوں کے خلاف پاک کالونی پولیس کی اہم کامیابی ہے۔

واضح رہے کہ اے آر وائی نیوز ٹیم کی جانب سے پاک کالونی لیاری ایکسپریس وے اور اطراف میں منشیات کے اڈوں اور عادی افراد کی خبر چلنے پر ایس ایس پی کیماڑی نے سخت نوٹس لے لیا تھا، اور 20 دسمبر کو پاک کالونی میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف 20 روزہ آپریشن کا فیصلہ کیا گیا تھا، جس کے بعد اب پولیس مقابلے میں یہ اہم منشیات فروش مارا گیا ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جب اے آر وائی نیوز کی ٹیم پاک کالونی سے متصل لیاری ایکسپریس وے کے علاقے میں جانے لگی تو ایک شخص نے خبردار کیا کہ اندر ان پر فائرنگ بھی ہو سکتی ہے۔

Comments

اہم ترین

مزید خبریں