بھارتی ڈراموں کی معروف اداکارہ مدھرا نائیک کی کزن اور بہنوئی اسرائیل فلسطین کشیدگی کے دوران ہلاک ہوگئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ مدھرا نائیک نے سوشل میڈیا پر ویڈیو پیغام میں کہا کہ ان کے کزن اور بہنوئی اسرائیل فلسطین کشیدگی کے دوران ہلاک ہوگئے ہیں۔
ویڈیو پیغام میں بھارتی نژاد یہودی اداکارہ نے کہا ہے کہ اسرائیل میں مقیم ان کی کزن اور ان کے شوہر ہلاک ہوگئے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ اس وقت میں اور اہلِ خانہ جس درد کا سامنا کر رہے ہیں اسے لفظوں میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔
ایک اور انسٹاگرام پوسٹ میں، مدھرا نے اس سانحے کے بارے میں بات کرتے ہوئے اپنی ایک ویڈیو شیئر کی۔
انہوں نے کہا کہ میں مدھرا نائک، ہندوستانی نژاد یہودی ہوں۔ ہندوستان میں اب ہماری طاقت صرف تین ہزار ہے، ایک دن پہلے، 7 اکتوبر کو ہم نے اپنے خاندان سے ایک بیٹی اور ایک بیٹا کھو دیا۔ میری کزن اودیا کو ان کے شوہر کے ساتھ ان کے دو بچوں کی موجودگی میں قتل کردیا گیا۔
مدھرا نے کہا کہ آج میں اور میرے خاندان کو جس غم اور جذبات کا سامنا ہے اسے الفاظ میں بیان نہیں کیا جاسکتا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل حماس اور اسرائیل کے درمیان ہونے والی کشیدگی کے باعث بالی ووڈ اداکارہ نصرت بھروچا بھی اسرائیل میں پھنس گئی تھیں جو بعد میں ممبئی پہنچ گئیں۔