نیویارک : گوگل کروم کی جانب سے متعارف کرائے گئے نئے ورژن انجن وی 88 میں متعدد کمزوریاں رپورٹ ہوگئیں، جو ممکنہ طور پر کمپیوٹر کی ہیکنگ میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق گوگل کروم کی جانب سے ونڈوز، میک اور لیونکس آپریٹنگ سسٹمز کے لیے متعارف کرائے جانے والے ورژن انجن وی 88 میں نقص رپورٹ ہوگئے، جس کے باعث سسٹم کو اپ گریڈ کرنا یقینی ہوگیا۔
سیکیورٹی محقق میتھائس بیولینس نے کہا ہے کہ انجن وی 88 میں سامنے آنے والی کمزوریاں کسی حملہ آور کو کمپیوٹر کو ہیک کرنے کی سہولت فراہم کرسکتی ہیں۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ گوگل نے مسئلے کی تفصیلات ظاہر نہیں کی لیکن اسے سی وی ای 21148-2021 کا نام دیتے ہوئے کہا ہے کہ گوگل بگ کی رپورٹ سے آگاہ ہے لہذا صارفین کروم کو فوری اپ گریڈ کرلیں۔
گوگل نے ایک بیان میں بتایا کہ بگ کی تفصیلات اور لنکس کو اس وقت تک محدود رکھا جاسکتا ہے جب تک صارفین کی اکثریت براؤزر اپ ڈیٹ نہیں کرلیتے، جس میں بگ کو فکس کرنے کے لیے اپ ڈیٹ بھی موجود ہے۔
خیال رہے کہ گوگل کروم کے ورژن 88 میں نئے پاس ورڈ منیجر کا اضافہ بھی کیا گیا ہے جو پاس ورڈ سیکیورٹی میں معاونت فراہم کرے گا البتہ کروم میں اس کے علاوہ بھی بہت کی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔