ریاض:/دوحہ: سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور امیر قطر شیخ تمیم نے دونوں ممالک(سعودی عرب، قطر) کو جوڑنے والی سرحدیں کھولنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق محمد بن سلمان اور امیر قطر شیخ تمیم کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، اس دوران امیر کویت کی تجویز پر سعودی عرب اور قطر کے درمیان سرحدیں کھولنے کا فیصلہ کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق بری، بحری اور فضائی سرحدیں کھولنے کے فیصلے پر عمل درآمد آج رات سے شروع ہوجائے گا۔
علاوہ ازیں دنیا بھر میں کوروناوائرس کی نئی قسم کے پھیلاؤ سے بچنے کے لیے سعودی عرب نے مملکت آنے والے مسافروں کے لیے نئے قواعد وضوابط جاری کردیے ہیں۔ سعودی عرب نے 17 ممالک کے لیے قوائد جاری کیے جس کا اطلاق بین الاقوامی پروازوں کی بحالی کے بعد سے ہوگیا ہے۔
سعودی عرب آنے والے مسافروں کے لیے نئے قواعد و ضوابط
وزارت صحت نے متنبہ کیا ہے کہ برطانیہ اور جنوبی افریقہ سے آنے والے مسافروں کے لیے خصوصی ہدایات ہیں جن پر عمل کرنا لازمی ہوگا، بصورت دیگر قانونی کارروائی ہوسکتی ہے۔
واضح رہے سعودی وزارت صحت کے مطابق برطانیہ اور جنوبی افریقہ سے آنے والے مسافروں کو سعودی عرب داخل ہونے سے پہلے کسی اور ملک میں 14 دن گزارنے ہوں گے اور مملکت پہنچنے پر انہیں 14 دن قرنطینہ کرنا ہوگا۔