لاہور: محکمہ داخلہ پنجاب نے نادرا کو تمام اسلحہ لائسنس کی آن لائن تصدیق کیلئے کیو آر کوڈ جاری کرنے کی ہدایت کردی۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب میں اسلحہ لائسنس کی تصدیق کے حوالے سے محکمہ داخلہ کا فیصلہ سامنے آگیا ، جس میں نادرا کو تمام لائسنسز کی آن لائن تصدیق کیلئے کیو آرکوڈ جاری کرنے کی ہدایت کردی گئی۔
کیو آر کوڈ کی مدد سے قانون نافذ کرنے والے ادارے ہر اسلحہ لائسنسز کی تصدیق کرسکیں گے۔
سیکرٹری داخلہ پنجاب کی زیر صدارت اسلحہ لائسنسز ویری فکیشن کے حوالے سے اجلاس ہوا، سیکرٹری داخلہ نے لائسنس کیساتھ کیو آر کوڈ لگانے کیلئے نادرا کو ایک ہفتے کا وقت دے دیا۔
نادرا کو تمام لائسنسز متعلقہ شخص کے شناختی کارڈ سے لنک کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
سیکرٹری داخلہ پنجاب نے صوبے بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو بھی اسلحہ لائسنسز سے متعلقہ تمام آرڈرزپر کیو آر کوڈ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سنگین جرائم میں ملوث افراد لائسنس کیلئے نااہل ہیں۔