نگراں وفاقی وزیر صحت کی ہدایت پر وزارت صحت نے بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے سگریٹ ساز کمپنیوں کو تمباکو نوشی روک تھام قوانین کی خلاف ورزی پر نوٹس جاری کر دیے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزارت صحت کی جانب سے یہ نوٹسز فلپ مورس خیبر ٹوبیکو کمپنی، سیمسن گروپ نیشنل ٹوبیکو کمپنی، یونیورسل ٹوبیکو کمپنی، سول ٹوبیکو کمپنی، وطن ٹوبیکو کمپنی، رائل ٹوبیکو کمپنی اور سووینیئر ٹوبیکو کمپنی کو جاری کیے گئے ہیں۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ تمباکو نوشی کی روک تھام کے قوانین کے مطابق سگریٹ نوشی کی اشتہاری مہم اور پروموشنز کی اسکیموں پر پابندی ہے جس کی خلاف ورزی کی صورت میں جرمانہ اور عمر قید کی سزا ہو سکتی ہے۔
اس حوالے سے ترجمان وزارت صحت کے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مختلف کمپنیاں سگریٹ کی اشتہاری اور فروغی مہم میں ملوث پائی گئی ہیں جس پر انہیں قانون کی خلاف ورزی کے نوٹس جاری کیے گئے ہیں اور 10 دن میں تحریری وضاحت طلب کی ہے۔
ترجمان کے مطابق غیر تسلی بخش جواب کی صورت میں مزید قانونی کارروائی کی جائے گی۔ حکومت سگریٹ نوشی کی روک تھام اور عوام کی صحت اور فلاح وبہبود کے لیے موثر اور عملی اقدامات کو یقینی بنا رہی ہے۔