مکہ مکرمہ: کرین حادثے میں چھ پاکستانیوں کی شہادت کی تصدیق ہوگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں تعینات پاکستانی سفیر منظورالحق نے اب تک چھ پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی ہیں، پاکستانی قونصل خانے کے مطابق مردان کی عنبر بہادر شاہ ،ام نیاز اور گل عبدالمنان، مہمندایجنسی کے نیاز محمد، لاہور کے علی رضا اقبال اور دیر کے احمد فیض محمد شہید ہونےوالوں میں شامل ہیں۔
ان کہنا ہے کہ حادثے میں زخمی پاکستانیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں اور شہید پاکستانیوں کے ورثاء بھی سعودی عرب میں موجود ہیں۔
منظور الحق نے کہا ہے کہ سعودی حکام کرین حادثے کی تحقیقات کررہے ہیں، اس دلخراش واقعہ میں انہوں نے شہید ہونے والے پاکستانیوں کے لواحقین سے دلی تعزیت بھی کی۔
یاد رہے کہ جمعہ کو نمازِ مغرب سے کچھ دیر قبل حرم شریف میں دنیا کی دوسری بڑی کرین تیز ہوا اور بارش کے سبب گرگئی تھی، کرین حادثہ میں ایک سو سات عازمین حج شہید جبکہ دوسو سے زائد زخمی ہوئے تھے۔
دوسری جانب مکہ مکرمہ کرین حادثے میں چھبیس زخمی پاکستانیوں کے نام سامنے آگئے ہیں، کرین حادثے میں زخمی ہونے والوں میں پاکستانی مرد و خواتین شامل ہیں، جن کو مختلف قسم کی زخم آئے ہیں۔
اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ چھ زخمی پاکستانیوں کی حالت تشویشناک ہے، زخمی پاکستانی کنگ فیصل اسپتال ،النور اسپتال مکہ اور پاکستان حج میڈیکل میشن میں زیرِعلاج ہیں۔