اسلام آباد: سی پیک منصوبے کی کامیابی کا سفر جاری ہے ‘ ملائشیا نے بھی فیری سروس سمیت متعدد منصوبوں میں سرمایہ کاری کی خواہش کا اظہارکردیا۔
تفصیلات کے مطابق ملائیشیا سے اسلام آباد آئے وفد نے گودار پورٹ فری زون میں انڈسٹری کے فروغ‘ پورٹس پر ٹرمینلز کی تعمیر اور فیری سروس جیسے متعدد منصوبوں میں اپنی دلچسپی کا اظہارکیا ہے۔
ملائیشیا سے آئے وفد کی سربراہی سابق وزیراعظم عبداللہ احمد بدوی کررہے تھے جبکہ پاکستان کی جانب سے وفاقی وزیر برائے پورٹ اینڈ شپنگ حاصل خان بزنجو نمائندگی کررہے تھے۔ دونوں ممالک نے بحری تعاون کو فروغ دینے کے لیے ایک مشترکہ ورکنگ گروپ کے قیام پر اتفاق کیا ہے۔
روس نے گوادر پورٹ استعمال کرنے کی اجازت مانگ لی
ملائشیا سے آئے وفد میں نامی گرامی صنعت کار اور کاروباری شخصیات شامل ہیں جنہیں وفاقی وزیر برائے پورٹ اینڈ شپنگ نے بریفنگ دی اور سی پیک میں سرمایہ کاری کے مواقع اور فوائد سے آگاہ کیا‘ ان کا کہنا تھا کہ سی پیک میں گوادر پورٹ کو مرکزی حیثیت حاصل ہے اوریہ مستقبل میں شپمنٹ حب ثابت ہوگا۔
واضح رہے کہ اس سے پہلے روس ‘ ایران اور برطانیہ سمیت متعدد ملکوں نے سی پیک اور گوادر کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے متعدد منصوبوں میں سرمایہ کاری کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔