نیویارک: اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی کا کہنا ہے کہ بھارت وادی میں نہتے، محکوم شہریوں پرانسانیت سوز مظالم ڈھا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستانی سفیر ملیحہ لودھی نے امریکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں کہا کہ مودی سرکار طاقت سے کشمیری عوام کو زیرتسلط نہیں رکھ سکے گی۔
انہوں نے کہا کہ پوری ریاست میں کرفیولگانا ثبوت ہے بھارتی اقدام غیرقانونی ہے، جب بھی کرفیو اٹھا کشمیری عوام بھارت کونکل جانے کا ہی کہیں گے۔
ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا کہ بھارت وادی میں نہتے، محکوم شہریوں پرانسانیت سوزمظالم ڈھا رہا ہے۔
پاکستانی سفیر نے کہا کہ پاکستان امن کا حامی ہے مگر بھارت کشیدگی میں اضافہ کرنا چاہتا ہے، بھارتی اقدامات خطے کے امن کے لیے سنگین خطرات کا باعث بنیں گے، عالمی برادری سلامتی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں مسئلہ حل کروائے۔
مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پرانکوائری کمیشن قائم کیا جائے، ملیحہ لودھی
یاد رہے کہ گزشتہ روز اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ یواین سیکریٹری جنرل سلامتی کونسل کی قراردادوں پرعمل یقینی بنائیں۔
ڈاکٹر ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پرانکوائری کمیشن قائم کیا جائے۔