اسلام آباد: وزیر اعظم کی زیر صدارت سیکیورٹی اجلاس میں سری لنکن منیجر کو بچانے کی کوشش کرنے والے ملک عدنان کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کی زیر صدارت ملک کی مجموعی سیکیورٹی صورت حال پر جائزے کے لیے آج پیر کو اسلام آباد میں اجلاس منعقد ہوا جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے علاوہ، وزیر اطلاعات فواد چوہدری، وزیر داخلہ شیخ رشید، معاون خصوصی برائے قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف، وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور اعلیٰ عسکری و سول افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں سری لنکن شہری پریانتھا کمارا کو بچانے کی جدوجہد کرنے والے ملک عدنان نے تفصیلات بتائیں، اجلاس میں سیالکوٹ کی فیکٹری میں سری لنکا سے تعلق رکھنے والے منیجر کے قتل کے ظالمانہ فعل پر شدید افسوس اور تشویش کا اظہار کیا گیا۔
Prime Minister @ImranKhanPTI chaired a meeting to review overall security situation in the Country today. pic.twitter.com/w6NRyzs3l4
— Prime Minister’s Office, Pakistan (@PakPMO) December 6, 2021
اعلامیے کے مطابق اجلاس میں سیالکوٹ سانحے کے ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
اجلاس کے شرکا نے مؤقف اپنایا کہ افراد اور ہجوم کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، ایسے واقعات کو برداشت نہیں کیا جا سکتا۔
افسوسناک حادثے پر حکومت اور عوام کے رد عمل سے مطمئن ہیں: سری لنکن ہائی کمشنر
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے ایک جامع حکمت عملی پر عمل درآمد کیا جائے گا، تمام مجرموں کو سخت سزائیں دی جائیں گی۔
اجلاس میں سری لنکن منیجر کو بچانے کی کوشش کرنے والے ملک عدنان کی بہادری اور جرأت کی بھی تعریف کی گئی، اعلامیے کے مطابق ملک عدنان نے سری لنکن شہری کو بچانے کے لیے اپنی جان خطرے میں ڈالی۔
اجلاس میں سری لنکن شہری کے اہل خانہ سے بھی تعزیت کا اظہار کیا گیا۔