اسلام آباد: اقوام متحدہ کے بین الاقوامی انسانی حقوق کمیشن کے سیکریٹری جنرل مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مظالم پرآب دیدہ ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق یو این ہیومن رائٹس کمیشن کے سفیر ملک ندیم عابد نے اقوام متحدہ کے ایک اجلاس میں خواتین سے متعلق سیشن میں بھارتی فوج کے مظالم پر رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوج کشمیر میں عورتوں اور بچوں پر انسانیت سوز مظالم ڈھا رہی ہے۔
رپورٹ پیش کرتے ہوئے سیکریٹری جنرل کا اپنے جذبات پر قابو نہ رہا اور وہ بے اختیار رو پڑے، انھوں نے اجلاس کے شرکا کو بتایا کہ بھارتی فوج نے اب تک دس ہزار سے زائد خواتین کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا ہے۔
انھوں نے اجلاس میں رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوج سے نہ بچیاں محفوظ ہیں نہ معمر خواتین۔ رپورٹ کے مطابق جنسی زیادتی کا شکار بننے والی خواتین میں سات سال کی کم سن بچیوں سے لے کر 77 سال تک کی خواتین شامل ہیں۔
اقوام متحدہ کے اس اجلاس میں سہ فریقی ممالک کی خواتین اول کے علاوہ پانچ وفاقی خواتین وزرا بھی موجود تھیں۔
پاکستانی مشن اقوام متحدہ میں کشمیریوں کی آواز ہے‘ ملیحہ لودھی
واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم میں اس وقت ایک بار پھر شدت آئی جب بھارتی فورسز کے ہاتھوں کشمیری مجاہد برہان وانی کی شہادت کے بعد وادی میں تحریک آزادی میں نیا جوش اور ولولہ پیدا ہوا۔ بھارتی فورسز کی جانب سے نہتے کشمیریوں پر پیلٹ گن کے استعمال سے اب تک ایک ہزار سے زائد کشمیری بصارت سے محروم ہوچکے ہیں۔ خیال رہے کہ پیلٹ گن کا استعمال انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
پیلٹ گن کا استعمال: 1،314 کشمیری شہری بصارت سے محروم
یاد رہے کہ اقوام متحدہ میں پاکستانی کمیشن مستقل طور پر مظلوم کشمیریوں کے لیے آواز اٹھارہا ہے اور اس سلسلے میں اقوام عالم کو کامیابی کے ساتھ بھاری فورسز کے مظالم کی طرف متوجہ کیا گیا ہے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں