پیر, مئی 12, 2025
اشتہار

بڑی کارروائی، شہر میں دہشت گردوں کو دستی بم اور بارود فراہم کرنے والا گرفتار ہو گیا

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: شہر قائد میں دہشت گردوں کو دستی بم اور بارود فراہم کرنے والا گرفتار ہو گیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق ملیر پولیس نے انٹیلی جنس اطلاعات پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردی کی متعدد وارداتوں میں ملوث سہولت کار نادر علی عرف پٹھان کو گرفتار کر لیا۔

ملزم نے ڈی ایس پی گلبہار کے دفتر پر دستی بم حملے میں سہولت کاری کی تھی، نادر علی گروہ کو دہشت گردی کے لیے لاجسٹک سپورٹ بھی فراہم کرتا تھا، ملزم سے قانونی اسلحہ، دستی بم اور آدھا کلو بارودی مواد برآمد ہوا۔

ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر نے بتایا کہ گرفتار ملزم نے دوران تفتیش ساتھیوں سے متعلق اہم انکشافات کیے ہیں، ساتھیوں میں اصغر شاہ عرف سجاد شاہ، فائق علی عرف سلطان جتوئی اور جاوید منگریو شامل ہیں۔

ایس ایس پی کے مطابق نادر علی نے دہشت گردوں کو رواں سال حملوں میں بھاری مواد فراہم کیا، اس نے دہشت گردی کے لیے 2 کارٹن دستی بم فراہم کیے، دستی بم اور کریکرز سے بھرا ایک اسکول بیگ بھی فراہم کیا۔ 25 جولائی کو ڈی ایس پی گلبہار کے دفتر پر پھینکا گیا دستی بم بھی اسی نے فراہم کیا تھا۔

11 اگست اسٹیل ٹاؤن میں جشن آزادی اسٹال پر بم حملہ کیا گیا تھا جس میں 4 شہری زخمی ہوئے، اس کے لیے دستی بم بھی نادر علی عرف پٹھان نے فراہم کیا تھا، 5 اگست کورنگی میں اسٹیٹ ایجنسی پر بھی دستی بم حملہ کیا گیا تھا جس میں 3 شہری زخمی ہوئے، اس میں گرفتار ملزم فائق نے بھی نادر علی سے 2 دستی بم حاصل کیے تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نادر دہشت گرد تنظیموں کے ساتھ رابطوں میں ہے، وہ شہر میں کارروائیوں میں استعمال ہونے والا سامان محفوظ رکھتا تھا، اور ضرورت کے وقت مواد کی فراہمی یقینی بناتا تھا۔

معلوم ہوا ہے کہ گرفتار ملزم شہر میں کالعدم دہشت گرد تنظیموں کے لیے وال چاکنگ بھی کرتا تھا، پولیس کا کہنا ہے کہ نادر علی سے مزید پوچھ گچھ جاری ہے، جس میں مزید انکشافات اور گرفتاریاں متوقع ہیں۔

اہم ترین

نذیر شاہ
نذیر شاہ
نذیر شاہ کراچی میں اے آر وائی نیوز کے کرائم رپورٹر ہیں

مزید خبریں