بدھ, فروری 5, 2025
اشتہار

زخمی ڈکیت کے جسم سے گولی نکالنے کی کوشش کرنے والا اتائی بڑی مشکل میں پڑ گیا

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: شہر قائد کے علاقے منگھوپیر میں ایک زخمی ڈکیت کے جسم سے گولی نکالنے کی کوشش کرنے والا اتائی بڑی مشکل میں پڑ گیا۔

تفصیلات کے مطابق منگھوپیر پولیس نے ایک زخمی ڈکیت کا علاج کرنے والے اتائی کو گرفتار کیا ہے، ایس ایس پی ویسٹ سہائے عزیز کا کہنا ہے کہ گرفتار اتائی سعید انور کے خلاف مقدمہ درج ہو گیا۔

ایس ایس پی ویسٹ کے مطابق گزشتہ روز نبی بخش تھانے کی حدود میں ڈکیتی کے دوران ایک پولیس مقابلہ ہوا تھا، جس میں 2 ملزمان دانش اور تیمور گولیاں لگنے سے زخمی ہو گئے تھے، اس مقابلے میں زخمی تیمور کو نبی بخش پولیس نےگرفتار کر لیا تھا، تاہم زخمی ہونے والا دوسرا ملزم دانش پولیس کو چکما دے کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا تھا۔

سہائے عزیز کا کہنا تھا کہ زخمی ہونے کے بعد 18 سالہ ملزم ایم پی آر کالونی غازی گوٹھ میں احتشام کلینک پر پہنچ گیا تھا، جہاں کلینک میں اتائی سعید انور نے ملزم کی گولی نکالنے کی ناکام کوشش کی۔

پولیس بیان کے مطابق نرس ایڈ سعید انور شام 6 سے رات 8 بجے تک ملزم کے جسم سے گولی نکالنے کی کوشش کرتا رہا لیکن کامیاب نہ ہو سکا، بعد ازاں جب معاملہ کنٹرول سے باہر ہوا تو زخمی ملزم کو عباسی اسپتال منتقل کیا گیا۔

اطلاع ملنے پر منگھوپیر پولیس نے زخمی ملزم دانش کو اسپتال سےگرفتار کر لیا، ابتدائی طور پر اس کے بارے میں معلوم نہیں ہو سکا تھا تاہم پولیس کی تحقیقات میں معلوم ہوا کہ زخمی لڑکا گزشتہ روز ڈکیتی کے دوران زخمی ہونے والا ڈکیت ہے۔

پولیس کے مطابق اتائی سعید انور کو جرم کو چھپانے اور پولیس کو اطلاع نہ دینے پر گرفتار کر کے اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

اہم ترین

نذیر شاہ
نذیر شاہ
نذیر شاہ کراچی میں اے آر وائی نیوز کے کرائم رپورٹر ہیں

مزید خبریں