چکوال : سفاک باپ نے اپنے 4 بچوں اوربیوی کو قتل کرکے خودکشی کرلی، پولیس کا کہنا ہے کہ بظاہر یہ واقعہ مالی حالات سے دلبرداشتہ ہو کر اہلخانہ کو قتل کرنے کا لگتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ سٹی چکوال کے علاقہ مزدلفہ ٹاوٴن میں 6 افراد کے قتل کا لزرہ خیز واقعہ ہوا، جس میں ایک شخص نے علی الصبح اپنی بیوی سمیت 4بچوں کو فائرنگ کر کے موت کے گھات اتار دیا اور بعدازاں خود کو بھی گولی مار لی۔
قتل ہونے والے بچوں میں دو بیٹے اور دو بیٹیاں شامل ہیں، واقعہ کے بعد علاقہ میں کہرام مچ گیا اور واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیوٹیم موقعہ پر پہنچ گئی۔
قتل ہونے والے ایک ہی گھر کے چھ افراد کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے ڈسڑکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال چکوال منتقل کردیا گیا ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن ریٹائرڈ واحد محمود کا کہنا ہے کہ بظاہر یہ گھریلو تنازعہ ہے تاہم پولیس مختلف پہلووں پر تفتیش کررہی ہے جلد ہی اصل حقائق سے میڈیا کو آگاہ کیا جائے گا۔
پولیس کے مطابق شفقت سلیم حساس ادارے کا ریٹائرڈ ملازم تھا اور آن لائن کاروبار کرتا تھا اور پریشان رہتا تھا، بظاہر یہ واقعہ مالی حالات سے دلبرداشتہ ہو کر اہلخانہ کو قتل کرنے کا لگتا ہے۔