امریکا کے شہر لاس ویگاس میں ٹرمپ ہوٹل کے باہر ٹیسلا سائبر ٹرک دھماکے میں ہلاک ہونے والا شخص حاضر سروس امریکی فوجی نکلا۔
غیرملکی خبر ایجنسی کے مطابق سائبر ٹرک کے اندر سے ایک شخص کی جلی ہوئی لاش برآمد کی گئی جس کی شناخت کر لی گئی ہے۔
دھماکے میں ہلاک شخص کی شناخت میتھیو لیولز برگر کے نام سے ہوئی جو کہ حاضر سروس امریکی فوجی ہے۔ سائبر ٹرک میں دھماکا خیز مواد موجود تھا۔
امریکی میڈیا کا حوالے سے کہنا ہے کہ دھماکے میں 7 افراد معمولی زخمی ہوئے ہیں۔ قانون نافذ کرنے والے ایک اہلکار نے تحقیقات کے دوران بتایا کہ سائبر ٹرک کار رینٹل کمپنی سے کرائے پر حاصل کیا گیا تھا۔
ایلون مسک کے مطابق سائبر ٹرک میں دھماکا آتش بازی یا بم کے باعث ہوا ہے، یہ واقعہ نیوآرلینز میں گاڑی سے لوگوں کو کچلنے کے چند گھنٹے بعد رونما ہوا۔ انہوں نے یہ خدشہ بھی ظاہر کیا ہے کہ سائبر ٹرک میں دھماکا ممکنہ طور پر دہشتگردی ہے۔
علاوہ ازیں نیو اورلینز میں 15 افراد کو کچل کرہلاک کرنے والا بھی سابق امریکی فوجی تھا۔
رپورٹس کے مطابق 15 افراد کی جان لینے والے شخص کی شناخت کو بھی ظاہر کردیا گیا ہے، جس کا نام شمس الدین جبار بتایا گیا ہے۔
ایف بی آئی کا کہنا ہے کہ ڈرائیور امریکا میں پیدا ہوا تھا اور فوج میں ملازم رہ چکا تھا، جس کی گاڑی سے داعش کا جھنڈا برآمد ہوا ہے۔