بھارت میں دوسری بیوی نے بیٹے کو ساتھ رکھنے سے انکار کیا تو باپ نے بیٹے کو قتل کردیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست مدھیہ پردیش کے شہر اندور میں 26 سالہ شخص نے دوسری بیوی سے جھگڑے کے بعد مبینہ طور پر 7 سالہ بیٹے کو گلا دبا کر قتل کردیا۔
اے سی پی اشیش پٹیل کا کہنا ہے کہ ملزم ششیپال منڈے کی پہلی بیوی انتقال کرگئی تھی۔
پولیس کے مطابق دوسری بیوی اس بات پر بضد تھی کہ وہ پہلی بیوی کے بیٹے کو اپنے ساتھ نہیں رکھے گی اور شوہر سے جھگڑے کے بعد وہ میکے چلی گئی تھی۔
بچے کے چچا نے پولیس کو بتایا کہ میرے بھتیجے کی ماں کا کچھ سال قبل انتقال ہوگیا تھا جس کے بعد والد ششیپال منڈے نے دوسری شادی کرلی تھی۔
ششیپال منڈے کی دوسری شادی کے بعد سے اہلیہ سے بیٹے کو ساتھ رکھنے کے معاملے پر اکثر جھگڑا ہوتا رہتا تھا۔پولیس کا بتانا ہے کہ بیوی سے اختلاف بڑھنے پر ملزم مبینہ طور پر اپنے بیٹے کو گلا دبا کر قتل کرکے فرار ہوگیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔