ہفتہ, جولائی 5, 2025
اشتہار

60 ہزار کی ڈکیتی کرکے فرار ہونے والا ایک ملزم پولیس فائرنگ سے ہلاک، دیگر فرار

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: شہر قائد کے علاقے گلستان جوہر میں پولیس کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہو گیا، جس کی شناخت صفدر کے نام سے کی ہوئی ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ مرنے والا شخص واردات کر کے فرار ہو رہا تھا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی میں گلستان جوہر تھانے کے قریب فائرنگ سے ایک شخص کی ہلاکت کی اطلاع ملی تھی، بعد ازاں معلوم ہوا کہ ہلاک ہونے والا ڈاکو ہے، جس کی شناخت صفدر کے نام سے ہوئی۔

ایس ایس پی ایسٹ ساجد سدوزئی کا کہنا تھا کہ ہلاک ملزم دیگر ساتھیوں کے ہمراہ فیروزآباد سے لوٹ مار کر کے نکلا تھا، ملزمان فیروزآباد میں 60 ہزار کی ڈکیتی کر کے یونی ورسٹی روڈ کی جانب فرار ہو رہے تھے، تاہم یونی ورسٹی روڈ پر پولیس نے مشتبہ ملزمان کو روکنے کی کوشش کی، جس پر انھوں نے فائرنگ کر دی۔

ایس ایس پی کے مطابق ملزمان کی فائرنگ کے جواب میں پولیس اہل کاروں کی فائرنگ سے موٹر سائیکل سوار ملزم زخمی ہوا، جو بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ گیا، جب کہ ایک ملزم موٹر سائیکل پر اور دیگر کار میں فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

ملزم کا کریمنل ریکارڈ

پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ ملزمان ڈکیتی کے لیے کار اور موٹر سائیکل استعمال کرتے تھے، ہلاک ملزم صفدر کا سابقہ مجرمانہ ریکارڈ بھی حاصل ہو گیا ہے، ملزمان کا تعلق گھروں میں ڈکیتی کرنے والے گروپ سے ہے۔

ایس ایس پی نے بتایا کہ ملزمان نے فیروزآباد میں ایک گھر سے 60 ہزار روپے اور 8 تولے سونا لوٹا تھا، متاثرہ خاندان نے مرنے والے ڈاکو کو شناخت کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق سائٹ سپر ہائی وے تھانے میں ملزم کے خلاف دو مقدمات درج ہیں، کل بھی گلشن میں انھوں نے ڈکیتی کی تھی جس کے متاثرین نے بھی ملزم کو شناخت کر لیا ہے۔

اہم ترین

نذیر شاہ
نذیر شاہ
نذیر شاہ کراچی میں اے آر وائی نیوز کے کرائم رپورٹر ہیں

مزید خبریں