سڈنی: آسٹریلیا میں شہری اپنے گھر کے باہر عجیب وغریب مناظر دیکھ کر خوف زدہ ہوگیا، اس حوالے سے تصاویر شوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہیں۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق آسٹریلوی ریاست تسمانیا سے تعلق رکھنے والا شخص جب اپنے گھر لوٹا تو اسے عجیب وغریب نظر آنے والے ریڈ ہیڈڈ نامی کیڑوں نے استقبال کیا۔
رپورٹ کے مطابق گھر کے باہر ہزاروں کی تعداد میں کالے رنگ کے کیڑے جھنڈ بنا کر موجود تھے، شہری خوفناک مناظر دیکھ کر حیران رہ گیا۔ کیل نامی شخص کا کہنا ہے کہ گھر لوٹا تو دروازے پر کیڑے رینگ رہے تھے۔ وائرل ہونے والی تصاویر پر سوشل میڈیا صارفین بھی مختلف تبصرے کررہے ہیں۔
ایک صارف نے لکھا کہ یہ ڈراؤنی فلم کے لیے کارآمد مواد ہوسکتا ہے۔
ماہرین کا ماننا ہے کہ ریڈ ہیڈڈ کیڑے نم موسم کے دوران جنوب مشرقی آسٹریلیا میں نمودار ہوتے ہیں جہاں بارشوں کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں۔