بدھ, جولائی 2, 2025
اشتہار

پولیس اہل کار کے منہ پر زناٹے دار تھپڑ مارنے والا سلاخوں کے پیچھے پہنچ گیا (ویڈیو)

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: پولیس اہل کاروں کو یرغمال بنا کر منہ پر زناٹے دار تھپڑ رسید کرنے والا ملزم آخر کار گرفتار ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق مومن آباد کے ساجد کاچک نامی منشیات فروش نے چند ماہ قبل پولیس اہل کار کو بھرے مجمع میں منہ پر زناٹے کا تھپڑ رسید کر دیا تھا، پولیس اہل کار اس کے سامنے بے بس ہو گئے تھے، اس واقعے کے بعد سے وہ مفرور تھا۔

ایس ایچ او مومن آباد عبد الخالق انصاری نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ مومن آباد پولیس کے ہاتھوں انتہائی مطلوب ملزم ساجد عرف کاچک کو گرفتار کر لیا گیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ ملزم کے خلاف دہشت گردی، پولیس مقابلوں اور منشیات فروشی کے مقدمات درج ہیں۔

مومن آباد پولیس اسٹیشن کے اہل کار کو یرغمال بنانے اور منہ پر زور کا تھپڑ مارنے والا ملزم ساجد کاچک

یاد رہے کہ ساجد کاچک نے جون 2020 کو 2 پولیس اہل کاروں کو یرغمال بنایا تھا، اہل کار علاقے میں منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کے لیے پہنچے تھے، جب ملزم ساجد نے پولیس اہل کاروں کو سرعام تھپڑ مارے اور دونوں اہل کاروں کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔

اس نیوز رپورٹ میں دو ویڈیوز بھی شامل ہیں جن میں سے ایک میں پولیس اہل کاروں کو یرغمال بنے دیکھا جا سکتا ہے، ملزم ایک پولیس اہل کار کا پولیس کارڈ بھی دکھاتا ہے۔

عبدالخالق انصاری کے مطابق گرفتار ملزم کے خلاف درجن سے زائد سنگین مقدمات درج ہیں، ملزم کو خفیہ اطلاع پر ایک مبینہ مقابلے کے بعد گرفتار کیا گیا، ساجد کاچک منشیات فروشی کا منظم گینگ چلاتا ہے۔

ایس ایچ او کا کہنا تھا کہ پولیس 5 ماہ سے اس انتہائی مطلوب ملزم کو تلاش کر رہی تھی، آخر کار خفیہ اطلاع ملنے پر اس کے خلاف کی گئی کارروائی میں وہ گرفتار ہو گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کے قبضے سے اسلحہ برآمد کیا گیا ہے اور اس کے خلاف مزید تفتیش جاری ہے۔

اہم ترین

نذیر شاہ
نذیر شاہ
نذیر شاہ کراچی میں اے آر وائی نیوز کے کرائم رپورٹر ہیں

مزید خبریں