ریاض: سعودی حکام کا کہنا ہے کہ میونسپلٹی اور بلدیاتی کونسلوں کے ورکرز کا ڈیوٹی کے دوران دستانے اور حفاظتی ماسک استعمال نہ کرنا قابل سزا ہوسکتا ہے۔
سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزارت بلدیات و دیہی امور نے کہا ہے کہ میونسپلٹی اور بلدیاتی کونسلوں کے ورکرز پر ڈیوٹی کے دوران دستانوں اور حفاظتی ماسک کا استعمال ضروری ہے۔
یہ پابندی سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو نئے کرونا وائرس لگنے سے بچانے کے لیے لگائی گئی ہے۔
وزارت بلدیات و دیہی امور نے مقامی شہریوں اور تارکین سے کہا ہے کہ اگر وہ میونسپلٹی اور بلدیاتی کونسلوں کے ورکرز کو ڈیوٹی کے دوران دستانے اور حفاظتی ماسک پہنے بغیر کام کرتے دیکھیں تو پہلی فرصت میں 940 پر رابطہ کر کے اطلاع دیں۔
وزارت کا کہنا ہے کہ دستانوں اور ماسک کے استعمال کی پابندی نہ کرنا قابل سزا جرم ہے۔
یاد رہے کہ غیر ملکی ورکرز کی رہائش کو منظم کرنے والی کمیٹی ان دنوں مملکت بھر میں غیر ملکی ورکرز کی اجتماعی رہائش کے مراکز کو منظم کرنے میں مصروف ہے۔
اس حوالے سے نجی اداروں اور کمپنیوں کے مالکان سے کہا گیا ہے کہ وہ 10 دن کے اندر رہائشی مراکز سے متعلق معلومات مہیا کردیں۔