لاہور: پنجاب پولیس نے پی ٹی آئی رہنما مقبول گجر کو لاہور کی حدود سے باہر نکال دیا۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما مقبول گجر کو لاہور کی حدود سے نکال دیا گیا، جب کہ ان کے ہمراہ دوسری گاڑی میں سوار 3 افراد کو گرفتار کر لیا گیا، جن میں شہریار، رانا صداقت اور حنیف نواز شامل ہیں۔
ڈی آئی جی آپریشنز سہیل چوہدری کا کہنا تھا کہ مقبول گجر پولیس ایکشن کی وجہ سے لاہور سے باہر گئے۔
دوسری طرف خیبر پختون خوا کے رہائشی علی امین گنڈاپور کے پنجاب میں داخلے پر پابندی عائد کی گئی ہے، کے پی اور پنجاب کو ملانے والا ڈیرہ دریا پل کنٹینر لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔
زلفی بخاری کی گرفتاری کیلیے پولیس کا پی ٹی آئی دفتر پر چھاپہ
ضمنی انتخابات میں پنجاب حکومت کی پولیس گردی بھی جاری ہے، پی پی 228 لودھراں میں پی ٹی آئی امیدوار عزت جاوید کے گھر پر چھاپا مارا گیا، پولیس نفری میں سول کپڑوں میں اہل کار بھی شامل تھے۔
رہنما پی ٹی آئی شبلی فراز کا کہنا تھا پولیس مجھے لینے آئی کہ آپ خیبر پختون خوا سے ہیں، پولیس کہتی ہے خیبر پختون خوا کا کوئی آدمی یہاں نہ ہو، پولیس الیکشن پر زبردستی اثر انداز ہو رہی ہے۔
ادھر جھنگ میں زلفی بخاری کی گرفتاری کے لیے بھی پولیس نے پی ٹی آئی دفتر پر چھاپے مارے۔
ڈیرہ غازی خان پولیس نے پی ٹی آئی امیدوار کے حق میں دست بردار ہونے والے امیدوار علی محمد کھلوال کو گرفتار کیا، علی محمد کھلوال حلقہ پی پی 288 میں پی ٹی آئی امیدوار سیف الدین کھوسہ کے حق میں دستبردار ہو گئے تھے۔