اشتہار

حکومت کی اتحادی نیشنل پارٹی کا مردم شماری روکنے کا مطالبہ

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : حکومت کی اتحادی جماعت نیشنل پارٹی نے مارچ میں مجوزہ مردم شماری روکنے کا ایک مرتبہ پھر مطالبہ کردیا، وفاقی وزیر میر حاصل بزنجو نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ سے رجوع کریں گے کہ افغان مہاجرین کی موجودگی میں مردم شماری سے مسائل پیدا ہوں گے، فیصلے پر نظر ثانی کی جائے۔

تفصیلات کے مطابق نیشنل پارٹی کے صدر اور وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شیپنگ میر حاصل خان بزنجو نے سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اور دیگر پارٹی رہنماﺅں کے ہمراہ کوئٹہ میں پریس کانفرنس کی۔

ان کا کہنا تھا کہ بدامنی کے باعث بلوچ علاقوں کے لوگ بڑی تعداد میں نقل مکانی کرچکے ہیں، دوسری جانب بلوچستان میں لاکھوں کی تعداد میں افغان مہاجرین آباد ہیں، پاک افغان حکومتی فیصلوں کے تحت مارچ میں مہاجرین کا انخلاء مکمل ہونا ہے اس کے بعد مردم شماری کرائی جائے، ورنہ مسائل پیدا ہوں گے۔

- Advertisement -

میر حاصل خان بزنجو کا کہنا تھا کہ یہ صرف بلوچستان نہیں بلکہ خیبر پختونخوا کا بھی مسئلہ ہے، دونوں صوبوں کی تمام سیاسی جماعتیں افغان مہاجرین کی واپسی چاہتے ہیں۔

مردم شماری روکنے کیلئے وہ سپریم کورٹ میں درخواست دائر کریں گے، نیشنل پارٹی کے قائدین کا کہنا تھا کہ مردم شماری کے بائیکاٹ کا فیصلہ نہیں کیا۔

سابق سینیٹر حاجی لشکری رئیسانی نے کہا کہ اس مسئلے پر سیاسی جماعتوں اور قبائلی عمائدین کا جرگہ منعقد کررہے ہیں اس حوالے سے باقاعدہ لائحہ عمل جرگہ میں طے کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کوشش کرے تو نقل مکانی کرنے والے بلوچ بھی جلد اپنے علاقوں میں دوبارہ آباد ہوسکتے ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں