21.7 C
Dublin
جمعہ, مئی 24, 2024
اشتہار

سیاسی عدم استحکام ختم ہوتے ہی معاشی استحکام آنا شروع ہوگیا، مریم اورنگزیب

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ ملک کے اندر سیاسی عدم استحکام ختم ہوتے ہی معاشی استحکام آنا شروع ہوگیا ہے، حکومت کی بہتر پالیسی کی وجہ سے اشیا کی قیمتوں میں کمی آئی ہے۔

وفاقی وزیر مریم اورنگزیب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سب سے پہلی اور اولین ترجیح معاشی استحکام ہے، گزشتہ حکومت کی نااہلی اور نالائقی کو موجودہ حکومت نے سنبھالا، گزشتہ حکومت نے آئی ایم ایف پروگرام پر دستخط کیا اور پھر معاہدہ توڑ دیا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ اتحادی حکومت وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں عوام کو ریلیف کے بیج بو رہی تھی جس کے نتائج ہم نے دیکھنا شروع کر دیے ہیں، جبکہ دوسری جانب ایک سال سے نفرت کے بیج بوئے جا رہے تھے۔

- Advertisement -

’ایک طرف تباہ شدہ معیشت کو درست سمت ڈالنے کی کوشش جاری تھی جبکہ دوسری طرف فساد، نفرت، انتشار، مسلح جتھوں کی تیاری اور پٹرول بم کی تربیت ہوتی رہی۔ ان سب کے نتائج 9 مئی کو پوری دنیا نے دیکھے۔‘

انہوں نے کہا کہ ملک میں سیاست کارکردگی پر ہونی چاہیے 9 مئی جیسے واقعات پر نہیں، نواز شریف کو جھوٹے اور فراڈ کیس پر نکالا گیا جس کا خمیازہ پاکستان بھگت رہا ہے، سیاسی قیمت ادا کر کے بھی سیاسی اور معاشی استحکام لانا پڑا تو لائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 438 روپے، کمرشل سلنڈر کی قیمت میں 1086 روپے کی کمی ہوئی، کوکنگ آئل کی قیمت فی کلو 60 سے 70 روپے کم ہوئی جبکہ آٹا اور گندم کی قیمت میں 35 سے 40 روپے کی کمی ہوئی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ بہتر پالیسی کی وجہ سے اشیاء کی قیمتوں میں کمی آئی ہے، ہم چاہتے ہیں کہ آٹا 35 روپے اور چینی 52 روپے پر ہو اور کر کے دکھائیں گے۔

’وزیر اعظم شہباز شریف نے ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کو ہدایت جاری کر دی ہیں کہ قیمتوں میں کمی کا ریلیف عام آدمی کو ملنا چاہیے۔ جو لوگ قیمتوں میں کمی نہیں کریں گے ان کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔‘

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں