کراچی : شمالی وزیرستان میں بارودی مواد کے دھماکے میں شہید ہونے والے میجر معیز مقصود کو فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا، پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے شہید کی میت کو سلامی دی۔
تفصیلات کے مطابق شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے حملے میں شہید میجر معیز مقصود کی نماز جنازہ قبا مسجد نارتھ کراچی میں ادا کردی گئی، نماز و جنازہ اور تدفین میں کور کمانڈر کراچی اور ڈی جی رینجرز سندھ نے بھی شرکت کی جبکہ آرمی چیف جنرل قمر باجوہ کی جانب سے کی طرف سے شہید کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی گئی۔
پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے شہید کی میت کو سلامی دی۔ اس کے علاوہ نمازجنازہ میں دیگر اعلیٰ فوجی افسران، شہید کے عزیز و اقارب سمیت شہریوں کی بڑی تعداد بھی شریک ہوئی۔
شہید میجر معیز کو محمد شاہ قبرستان میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردخاک کردیا گیا، میجر معیز گزشتہ روز شمالی وزیرستان میں دہشت گرد حملے میں شہید ہوئے تھے۔
علاوہ ازیں شمالی وزیرستان میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں شہید ہونے والے لیفٹننٹ کرنل راشد بیگ کی نماز جنازہ بھی گلگت میں ادا کردی گئی۔
نماز جنازہ میں وزیراعلیٰ گلگت بلتستان، اعلیٰ عسکری وسول حکام شریک ہوئے۔ شہید کی تدفین آبائی علاقے ہنزہ میں فوجی اعزاز کے ساتھ ہوئی۔
یاد رہے پاک افغان سرحد پر واقع شمالی وزیرستان کے علاقے غلام علی میں دہشت گردوں کی طرف سے نصب دھماکہ خیز مواد پھٹنے سے تین ایف سی اہلکار شہید ہو گئے تھے۔
مزید پڑھیں: شمالی وزیرستان ، بارودی سرنگ کا دھماکہ، پاک فوج کے تین افسر اور جوان شہید چار زخمی
شہداء میں کرنل راشد بیگ ، میجر معیز مقصود، شہید کیپٹن عارف اللہ اور جڑانوالا کے گاؤں پٹھان والا کے رہائشی سپاہی محسن علی بھی شامل تھے، چاروں شہداء کو فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا ہے۔