لاہور : مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان اور اسپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر کو خلاف آئین اقدامات پروارننگ دے دی۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان اور اسپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر کو خلاف آئین اقدامات پروارننگ دیتے ہوئے کہا14 دن میں اجلاس نہ بلا کر آرٹیکل 6 کے مرتکب ہوئے اور اسپیکر کا اجلاس نہ بلانا آئین سے انحراف ہے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ آئین کی واحد تشریح کے باوجود 14 دن میں اجلاس نہ بلانا غیر آئینی ہے ، اسپیکرکا رویہ تاریخ میں سیاہ حروف سے لکھا جائے گا۔
ن لیگی ترجمان نے کہا کہ اسپیکر آئین پر پارٹی چیئرمین کے مفاد کو ترجیح دے رہے ہیں، دستور شکنی غداری اور بغاوت ہے، سزا کے لئے تیار رہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران صاحب کو اقتدار سے اتنی محبت ہے کہ آئین کو روند دیا۔
اس سے قبل مسلم لیگ ن کے رہنما سینیٹراعظم تارڑ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ آئین میں 14روز سے آگے اجلاس لے جانےکی گنجائش نہیں، اسپیکر تحریک عدم اعتماد پر دوسرے یا تیسرے روز اجلاس بلاسکتے تھے، کسی نے نہیں روکا۔
اعظم تارڑ کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں اجلاس بلانےکیلئےکوئی دوسری عمارت نہیں ، اسپیکر قومی اسمبلی نےخودآئین سے انحراف کر دیا ہے ، اسپیکرکیخلاف سپریم کورٹ میں درخواست کیلئےمشاورت جاری ہے۔