اسلام آباد : وزیرِ مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ شرجیل میمن اپنی چوری اورکرپشن چھپانے کیلئے شورمچا رہے ہیں اورجتنا چاہیں شور مچا لیں انہیں قوم کی لوٹی ہوئی دولت کاحساب دینا ہوگا۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار پرپاکستانی قوم کا اعتماد ہے اسی لیے وہ وزیرداخلہ ہیں اور ان کے کرپشن کے خلاف اقدامات سے خائف افراد کو ان سے مسئلہ ہے وہ چوہدری نثارکے خلاف گمراہ کن پروپیگنڈا کرتے ہیں۔
مریم اورنگزیب نے سندھ کے سابق صوبائی وزیرشرجیل میمن کی چوہدری نثار پر تنقید پر ردعنل دیتے ہوئے کہا کہ وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار کی دیانت اورکردار پرسوال اٹھانے والے پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں۔
وفاقی وزیرمملکت کا کہنا تھا کہ شرجیل میمن لوگوں کی لوٹی ہوئی دولت کا جواب دیں وہ جتنا شورمچالیں لیکن احتساب سے نہیں بچ سکتے اور قوم کی لوٹی ہوئی دولت کا جواب تو دینا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ چودھری نثاروزیراعظم کے وژن کے مطابق پاکستان کودہشت گردی سے پاک کررہے ہیں اور اس حوالے سے معاشی دہشت گردی میں ملوث افراد کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔
مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ ملک کی دولت کو لوٹنے کی اجازت کسی کو بھی نہیں دی جائے گی بلکہ ایسا کرنے والوں کو عبرتناک انجام سے گذرنا ہوگا۔