اشتہار

9 مئی کا ماسٹر مائنڈ زمان پارک میں چھپا بیٹھا ہے، مریم نواز

اشتہار

حیرت انگیز

ملتان : مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ 9مئی کا ماسٹر مائنڈ زمان پارک میں چھپا بیٹھا ہے، واقعہ تکلیف دہ تھا لیکن اچھا ہوا دشمن پہنچان لیا گیا۔

پنجاب کے شہر شجاع آباد میں مسلم لیگ ن کے یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ
ماسٹر مائنڈ کہتا ہے کارکنوں نے ایسا کردیا مجھے کیا پتا، لیڈر تو وہ ہوتا ہے جو اپنی بیٹی کے ساتھ جیل جائے اور کارکنوں پر آنچ نہ آنے دے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس نے سوچا کہ فوج کو جھکا لے گا مگر چال اُلٹی پڑ گئی، فوج کے خلاف بغاوت کے لیے نکلا تھا اب ان سے بات چیت کی بھیک مانگ رہا ہے۔

- Advertisement -

نائب صدر مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ کرنل شیرخان کے بھائی نے کہا کہ ان کی یادگار ہمارا اثاثہ تھی اسے بھی جلادیا گیا، جنہوں نے شہداء کی بےحرمتی کی کیا وہ کسی رحم کے مستحق ہیں؟ شہداء کی توہین کرنے والے سن لیں قوم آخر تک تمہارا پیچھا کرے گی، یہ قوم شہداء کی تذلیل کرنے والوں چین سے نہیں رہنے دے گی۔

مریم نواز نے کہا کہ مشکل وقت میں ایک بھی کارکن نواز شریف کو چھوڑ کرنہیں گیا، ن لیگ کو توڑنے کی کوشش کرنے والوں کی اپنی جماعت ٹوٹ گئی، اب وہ جماعت اتنی سی ہوگئی ہے کہ ایک چنگچی میں پوری آجائے گی۔

انہوں نے کہا کہ وہ اب اپنی جماعت کا صدر، جنرل سیکرٹری، چیف آرگنائرز، ترجمان اور ووٹر بھی خود ہی ہے، جس کے جہاز میں جماعت آئی تھی اسی کے جہاز میں واپس بھی چلی گئی، وہ کہتا تھا 26سال کی محنت سے جماعت بنائی جو 26منٹ میں کرچی کرچی ہوگئی۔

ان کا کہنا تھا کہ اس نے نوجوانوں کا مستقبل چھین کر ان کے ہاتھوں میں پیٹرول بم پکڑا دیے، تکبر میں بڑے دعوے کیے، کہتا تھا کہ ان کو رلاؤں گا، ن لیگ کو رلانے والا باجماعت دھاڑیں مار کر رورہا ہے۔

نواز شریف سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ کیا نوازشریف نے ایک بار بھی کہا یہ املاک جلادو؟،جو ملک بناتا ہوں وہ ملک جلاسکتا ہے؟ درد تو اسی کو ہوگا جو اس مٹی کا بیٹا ہے، جس نے ایک ایک اینٹ سے ملک تعمیر کیا اسی کو ملک کا درد ہوگا، بڑی دفعہ ظلم کا سامنا کیا لیکن جلاؤ گھیراؤ کی ترغیب نہیں دی، ہمیشہ جمہوری جدوجہد سے انتقام کا سامنا کیا، جن ہاتھوں نے میٹرو بس بنائی ہو کیا وہ میٹرو بس جلا سکتے ہیں؟ جو ہاتھ ملک تعمیر کر سکتے ہیں وہ ملک نہیں توڑ سکتے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں