اشتہار

عمران خان پھر کسی بیساکھی کی تلاش میں ہیں، مریم نواز

اشتہار

حیرت انگیز

پاکستان مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان پھر کسی بیساکھی کی تلاش میں ہے جو بار بار صدر پاکستان کے پاس جا کر کہتے ہیں کہ میری ایک ملاقات کرا دو۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر اور سینیئر نائب صدر مریم نواز نے لاہور میں پارٹی کے نوجوان کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان ایک بار پھر کسی بیساکھی کی تلاش میں ہیں جو بار بار صدر پاکستان کے پاس جاتے ہیں اور ان سے کہتے ہیں کہ میری ایک ملاقات کرا دو۔

مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کے پاس کوئی معاشی پلان نہیں ہے اور نہ ہی کوئی پراجیکٹ دیا۔ ہماری معیشت اب نوکریاں پیدا نہیں کرسکتی۔ آپ نے یوتھ کو جیل بھرو تحریک پر لگا دیا ہے۔ صرف جلاؤ، گھیراؤ، مار دو، مر جاؤ اور جیل بھرو کیا یہ پلان ہے؟ جیبیں آپ نے بھری، چوریاں آپ نے کیں اور قوم کے بچے جیلیں بھریں۔

- Advertisement -

لیگی رہنما نے کہا کہ جو سیاست انھوں نے شروع کی وہ ذہنی مریض بنانے کی ہے۔ جب عدم اعتماد کی تحریک کامیاب ہوئی تو کہا امریکا نے سازش کی۔ غلامی نامنظور اور امپورٹڈ حکومت جیسے نعرے دیے۔ رجیم چینج کے بیانیے سے امریکا کو باعزت بری کر دیا۔ تو کیا آپ کے سارے بیانیے وفات پاگئے؟ پوچھ سکتی ہوں حقیقی آزادی کہاں گئی اور غلامی نامنظور کے نعروں کا کیا ہوا؟

چیف آرگنائزر ن لیگ کا کہنا تھا کہ آج کہتے ہیں امریکا نے نہیں قمر جاوید باجوہ نے سازش کی، جب اقتدار میں تھا تو قمر جاوید باجوہ سے اچھا کوئی انسان نہیں تھا۔ امریکا آپ کو جواب دے سکتا تھا تو اس کا نام لینا چھوڑ دیا جب کہ باجوہ تو گھر چلے گئے وہ خود کا دفاع بھی نہیں کرسکتے۔ عمران خان سے یہ سوال تو بنتا ہے کہ کون سا جھوٹ کیوں بولا۔ ان کے بیانیے کی نہ صرف موت بلکہ نماز جنازہ اور تدفین زمان پارک میں ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ 10 سال سے دیکھ رہی ہوں سیاستدانوں کیخلاف بڑی منظم مہم چلائی گئی۔ ایک شخص کو صادق اور امین قرار دینے کیلیے باقی سب کو گندا کیا گیا۔ آپ کو خیال نہیں آیا کہ آپ اس ملک کے ساتھ کیا کر رہے ہیں۔ ایک اینکر نے بتایا کہ قمر جاوید باجوہ کہتے ہیں عمران خان کی ویڈیوز ہیں جس میں عمران خان کہتے ہیں کہ آپ نواز شریف کے ساتھ ٹھیک کر رہے ہیں۔

مریم نواز نے الزام عائد کیا کہ عمران خان کی اہلیہ اور فرح گوگی نے کئی ارب کی چوری کی ہے۔ جنہیں چور ڈاکو کہا ان کے خلاف تو کچھ نہیں نکلا لیکن ہر وہ الزام جو مخالفین پر لگاتا تھا آج اس پر خود ثابت ہو گیا۔ نواز شریف کیخلاف سازش کرنیوالے آج خود سچ بول رہے ہیں۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ میں نے کہا تھا کہ شہباز شریف اور اسحاق ڈار کو آئی ایم ایف سے بات نہیں کرنی چاہیے بلکہ اس گھڑی چور کو بٹھانا چاہیے تاکہ وہ قوم کو بتائے کہ کیا معاہدے کیے تھے۔ یہ ان کے دل کی آواز تھی کہ پاکستان سری لنکا بن جائے۔ اگر آج ہم اس معاہدے پر عمل نہیں کرتے تو ڈیفالٹ کی طرف جاتے۔ شوکت ترین کی آڈیو دیکھ لیں پوری کوشش کی کہ پاکستان ڈیفالٹ ہو جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ فتنے کو پہچاننا اور بے نقاب کرنا قومی فریضہ اور اس فتنے کو سیاسی طور پر باہر پھینکنا ہمارا قومی فریضہ ہے۔ اس ملک کو اگر خطرہ ہے تو سیاسی عدم استحکام سے ہے۔ جب تک سیاسی عدم استحکام رہے گا ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔

مریم نواز نے کہا کہ نوجوان اس قوم کی تقدیر بدل سکتی ہے، ملک کی نئی قیادت آپ میں سے ہی آئے گی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں